عام شہری کو تشدد کانشانہ بنانے والے عقیل مرزاکوانوکھا’پروٹوکول‘،ہتھکڑی تک نہ لگائی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور کے پوش علاقہ میں ایک عام شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے نجی بینک کے منیجر عقیل مرزا کی گرفتاری ’پروٹو کول‘ کے ساتھ عمل میں آگئی۔پویس نے سرعام اسلحہ لہرانے اور عام شہری کو تشدد کانشانہ بنانے والے عقیل مرزا کو بغیر ہتھکڑی لگائے حراست میں لیا۔جاری کی گئی تصاویر میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ملزم پولیس اہلکار کے ساتھ کھڑا ہوا ہے ہاتھ میں موبائل فون اورسن گلاسز اور گاڑی کی چابیاں ایسے موجودہیں جیسے وہ صاحب کہیں جانے کی تیاری میں ہوں۔
پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ کرنے سے ابھی تک گریز کیاہوا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والے کو تلاش کررہے ہیں۔گرفتار ملزم نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ وہ کینٹ کا نہیں بلکہ اسٹیٹ لائف سوسائٹی کا رہائشی ہے، رائیونڈ میں قائم ایک نجی بینک کی برانچ میں منیجر ہے ۔ملزم کے بقول متاثرہ شخص نے پیچھے سے گاڑی ماری جس پر وہ طیش میں آگئے اور جھگڑنے لگے۔