عابد علی کا ورلڈ ریکارڈ ، کس منصوبے کے تحت آج بیٹنگ کی ؟ اوپننگ بلے باز نے راز سے پردہ اٹھا دیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیاہے جس میں سری لنکا کے 308 رنز کے جواب میں پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے ۔عابد علی کو مین آف دی میز کا اعزاز دے دیا گیاہے جبکہ ان کا کہناتھا کہ آج پانچ پانچ اوورز کے چھوٹے چھوٹے منصوبے بنا کر بیٹنگ کرتا رہا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اوپننگ بلے باز نے ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں بھی سینچری بنا کر ورلڈ ریکارڈ بنا دیاہے اور وہ یہ اعزاز رکھنے والے دنیا کے واحد بلے باز بن گئے ہیں ۔ مین آف دی میچ کا اعزاز بھی عابد علی کو دیا گیاہے اور انہوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سینچری اپنی بیٹی کے نام کر دی ہے ۔عابد علی کا اس کامیابی پر کہناتھا کہ کوشش کر رہا تھا کہ اچھا کروں، انتظار تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے اور جب ٹیسٹ کیپ ملی تو شکر ادا کیا ، ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں سینچری بنانے پر اللہ کا شکر ادا کرتاہوں اور میں جتنا بھی شکر اداکروں وہ کم ہے ۔
عابد علی کا کہناتھا کہ کئی سالوں کی محنت کا صلہ مل گیاہے ، میں اپنی سینچری اپنی بیٹی کے نام کرتاہوں ،سپورٹ کرنے پر ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹا ف کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں ۔ انہوں نے کہاکہ سینچری سکور کرنے میں بابراعظم نے بہت سپورٹ فراہم کی ۔عابد علی کا کہناتھا کہ میں آج پانچ پانچ اوورز میں چھوٹے چھوٹے پلان بنا کر بیٹنگ کرتا رہا ۔