شہباز شریف نے دھیلے نہیں اربوں کی کرپشن کی ، بدعنوانی نے پیپلز پارٹی کودفن کردیا، فردوش عاشق اعوان

شہباز شریف نے دھیلے نہیں اربوں کی کرپشن کی ، بدعنوانی نے پیپلز پارٹی کودفن ...
 شہباز شریف نے دھیلے نہیں اربوں کی کرپشن کی ، بدعنوانی نے پیپلز پارٹی کودفن کردیا، فردوش عاشق اعوان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

حافظ آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل آیاہے ، شہباز شریف نے دھیلے نہیں اربوں کی کرپشن کی ، شہباز شریف کے بھتیجے مفرور ہیں، ایک خاندان بیماری پر ضمانت لیکر ملک سے باہر چلاگیاہے ،سابق حکومت نے معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈالا ، کچھ لوگ اپنے درد کوعوام کادرد بناکر پیش کررہے ہیں۔
حافظ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا مشن ہے کے عوام کے اختیارات عوام کے دروازے تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ انصاف کی یقینی فراہمی تحریک انصاف کا منشور ہے ، ہرفورم پر میری کسی نہ کسی کے ساتھ پنجہ آزمائی چل رہی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے درد کے ساتھ جڑے بیانیے کو عوام کادرد بناکرپیش کررہے ہیں۔وہ لوگ جنہوں نے نسل در نسل اقتدار کے مزے لوٹے اور اب اقتدار سے دور جاکر بے چینی کا شکار ہیں۔ ان کو عوام کی پریشانی اس وقت نظر آتی ہے جب وہ اقتدار سے محروم ہوتے ہیں۔ ان کے نزدیک عوام اپنے بچوں ، رشتہ داروں اور مفادات کا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک نابالغ سیاستدان نے بتایا ہے کہ میں بھٹو کے خون کے ساتھ جڑا ہوں اور بےنظیر بھٹو کا سیاسی وارث ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اگر وہ لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹے سے مرنیوالوں ، ایڈز کا شکار بچوں اور تھر میں بھوک سے مرنیوالوں کودیکھ لیتے تو ان کو یہ کچھ کہنے کی ضرورت نہ پڑتی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہاں بھٹو زندہ ہے تو پھر بھٹو کانظریہ مرچکاہے ۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ضدی بچہ ہر جلسے میں ایمپائر کی انگلی کا ذکرکرتاہے ، ایمپائر پاکستان کے وہ عوام ہیں جنہوں نے ابھی تازہ تازہ لاڑکانہ میں ہونیوالے انتخابات میں بلاول صاحب آپ کو مسترد کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب آپ کو ابھی چار سال اسی طرح دکھی ہونا پڑے گا اور اس کے بعد انتخابات میں عوام ایک بار پھر عمران خان کو منتخب کرکے اسمبلی میں لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ بلاول صاحب آپ نے ابھی تک کرپشن سے رشتہ نہیں توڑا اگر آپ کرپشن سے رشتہ توڑ لیتے تو آپ کو سندھ کے چند اضلاع تک محدود ہونے کی ضرورت نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جماعت جس کو چارصوبوں کی زنجیر کہا جاتا تھا ، کرپشن کی وجہ سے دفن ہوگئی ہے ، کراچی کھنڈرات کی تصویر پیش کررہاہے، تحریک انصاف کی حکومت کراچی کودوبارہ روشنیوں کاشہر بنائے گی ۔ سندھ کاوزیر اعلیٰ دراصل کٹھ پتلی ہے اور اس کی ڈوریاں یہ خود ہلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاندان عدالتوں سے ضمانتیں لیکر باہر جاچکا ہے ، ایک بیمار گیا اوردوسرا سہولت کار گیا ، سہولت کا ر کا قومی اسمبلی میں چیمبر خالی ہے لیکن وہ بیرون ملک ایک یونیق قسم کا ہیٹ پہن کر دھیلے اوردمڑی کی سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اب دھیلا اوردمڑی تو پاکستان میں فقیر بھی لینے کیلئے بھی تیار نہیں ہے ، آپ نے کرپشن اور کک بیکس کا بازار گرم نہ کیا ہوتا تو آج آپ کے بھتیجے مفرو ر نہ ہوتے ، آپ آئیں اور عدالتوں کا سامنا کریں ،آپ نے کرپشن کے پیسوں سے اپنے بچوں کیلئے محل تعمیر کئے ، پاکستان کا قانون آپ کو بلا رہاہے ۔ آپ قانون کے محافظ بنیں ، اگر پاکستان کا وزیر اعظم اور اس کے بچے قانون کااحترام نہیں کریں گے تو عام پاکستانی کیسے قانون کا احترام کرے گا ؟فرودس عاشق اعوان نے کہا کہ اس وقت ملک کومسائل کاسامناہے ، مہنگائی اوربیروز گاری نے غریب کے لئے مسائل پیدا کئے ہیں لیکن ہم نے دیکھناہے کہ اس کاذمہ دارکون ہے ؟ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ادھار لے لے کر اس ملک کوچلایا ، قرضے لئے ، ان پر کک بیکس لیں اورپاکستان کی جڑوں کوکھوکھلا کیا ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -