افریقی حسینہ نے مس ورلڈ مقابلہ حسن جیت لیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) جزائرغرب الہند کے ملک جمیکا کی حسینہ نے رواں سال کا ’مس ورلڈ‘ مقابلہ جیت لیا۔ میل آن لائن کے مطابق مس ورلڈ کا 69واں سالانہ مقابلہ لندن میں ہوا جس میں 111ملکوں سے ماڈلز نے شرکت کی اور جمیکا کی ’ٹونی این سنگھ‘ نے فتح کا تاج اپنے سر پر سجایا۔تین ہفتے جاری رہنے والے مس ورلڈ مقابلے کے فائنل کی میزبانی پیٹر آندرے اور اداکارہ میگن یانگ نے کی۔
رپورٹ کے مطابق ٹونی این سنگھ فاتح قرار پانے کے بعد سٹیج پر آئیں تو انہوں نے جمیکا کا روایتی لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ انہیں گزشتہ سال مس ورلڈ بننے والی میکسیکو کی ماڈل ونیزا پونس ڈی لیون نے تاج پہنایا۔ ٹونی این سنگھ گزشتہ سال ’مس ورلڈ جمیکا‘ کا مقابلہ بھی جیت چکی ہیں۔ فائنل مقابلے کی تقریب میں مس انڈیا ثمن رتن سنگھ راﺅ، بنگلہ دیشی حسینہ رفا تورسا اور دیگر بین الاقوامی ماڈلز نے رقص پیش کیا اور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔