”اگر وکیل اور ڈاکٹر اکٹھے آئیں گے تو مفت آئس کریم ملے گی“ریسٹورنٹ نے وکلاءاور ڈاکٹروں کو قریب آنے کیلئے لالچ دے دیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلاءکے حملے کے بعد پوری قوم کے دل دکھی ہیں اور کسی کو وکلاءکی یہ مذموم حرکت ہضم نہیں ہو پا رہی۔ ایسے میں جب ہر کوئی غصے میں ہے، ایک ریسٹورنٹ نے وکیلوں اور ڈاکٹروں کو متحد کرنے کے لیے ایک میٹھا اور دلچسپ لالچ دے دیا ہے۔ اس ریسٹورنٹ کا نام ’ہارڈیز‘ (Hardee's)ہے جس نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک اشتہار پوسٹ کیا ہے،جس میں ریسٹورنٹ پر اکٹھے آنے والے وکیلوں اور ڈاکٹروں کو مفت آئس کریم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس اشتہار میں ایک شخص کی تصویر بنائی گئی ہے جس کے آدھے کپڑے وکیلوں اور آدھے ڈاکٹروں کی یونیفارمز پر مبنی ہے اور اس کے سامنے پلیٹ میں مزیدار آئس کریم رکھی ہے۔ تصویر کے ساتھ اشتہار میں لکھا ہے کہ ”اتحاد کا ایک میٹھا انعام۔“ اس پوسٹ میں ہارڈیز کی طرف سے لکھا گیا ہے کہ ”جو بھی وکیل اور ڈاکٹر اکٹھے ہمارے پاس آئیں گے انہیں مفت آئس کریم دی جائے گی۔ وکیلوں اور ڈاکٹروں کو ہمارے پاس آ کر بس اپنا پیشہ وارانہ ثبوت دکھانا ہو گا۔“