دودلہنیں اور ایک دولہا، دنیا کی انوکھی ترین شادی انجام پا گئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ دنوں بھارت سے ایک شخص کے بیک وقت دو لڑکیوں سے شادی کرنے کی خبر آئی تھی۔ اب ایسی ہی ایک خبر امریکہ سے بھی آ گئی ہے جہاں ایک لڑکے نے بیک وقت دو لڑکیوں کے ساتھ شادی کر لی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی اس 35سالہ دولہا کا نام جمی سلوا ہے جس نے 31سالہ شاشا واووم اور 25سالہ سمر پیلٹیئر کے ساتھ ایک ہی تقریب میں شادی کی۔
رپورٹ کے مطابق جمی،شاشا اور سمر گزشتہ 7سال سے تعلق میں ہیں اور اکٹھے رہ رہے ہیں۔دراصل جمی اور شاشا 10سال سے تعلق میں ہیں، وہ سکول میں ملے تھے اور وہیں دونوں ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے، جبکہ سمر 7سال قبل ان کی زندگی میں آئی۔شاشا کا کہنا ہے کہ ”جب سے سمر ہماری زندگی میں آئی ہے ہماری ایک دوسرے سے محبت اور بھی بڑھ گئی ہے اور اب ہم سمر کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔“ شادی کے بعد جمی کا کہنا تھا کہ ”مجھے امید ہے کہ شادی کے بعد ہمارا تعلق مزید مضبوط ہو گا ۔ اگرچہ ہماری شادی قانونی طور پر جائز نہیں ہے اور سرکاری سطح پر تسلیم نہیں کی جائے گی لیکن ہم مطمئن ہیں کہ اب ہم شادی شدہ ہیں۔ “