دھند کے باعث پی آئی اے کا فلائیٹ شیڈول درہم برہم، متعدد پروازیں منسوخ

دھند کے باعث پی آئی اے کا فلائیٹ شیڈول درہم برہم، متعدد پروازیں منسوخ
دھند کے باعث پی آئی اے کا فلائیٹ شیڈول درہم برہم، متعدد پروازیں منسوخ

  



کراچی(صباح نیوز)ملک کے مختلف شہریوں میں دھند کے باعث پی آئی اے کا فلائیٹ شیڈول اتوار کے روز شدید متاثر رہا،اندرون و بیرون ملک کی مختلف پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں،متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں،دھند کے باعث کئی پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا گیا۔

اتوار کے روز موسم کی خراب صورت حال کے باعث لاہور سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 386 منسوخ کر دی گئی جب کہ لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونے والی پرواز پی کے 652 دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو گی۔اتوار کی صبح کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی کی دوطرفہ پروازیں پی.کے 302 پانچ اور 303 پونے چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔اسی طرح کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 368 دو گھنٹے30 منٹ اور کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 304 ایک گھنٹہ 30 منٹ لیٹ ہوئی۔کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 332 کی روانگی میں 30 منٹ کی جب کہ ملتان سے ریاض کی پرواز میں 30 منٹ کی تاخیر ہوئی۔کراچی سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 396 ایک گھنٹہ اور سیالکوٹ سے کویت کی پرواز پی کے 239 بھی آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔پی آئی اے کی اندرون ملک کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 306 منسوخ کر دی گئی جب کہ فیصل آباد میں دھند کے باعث پرواز پی کے 340 نے شام پانچ بجے  لاہور میں لینڈ کیا۔فیصل آباد سے جدہ روانہ ہونے والی پرواز پی کے 763 لاہور سے جدہ کے لیے اپنے مقررہ وقت کے مطابق روانہ ہوئی۔

اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ اندرون ملک پروازیں حد نگاہ بہتر ہونے پر چلائی جائیں گی جب کہ بیرون ملک سے آنے والی پی آئی اے کی پروازیں حد نگاہ کم ہونے کے باعث متبادل ائر پورٹ پر اتاری جائیں گی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافروں سے درخواست ہے کہ ٹکٹ بک کرواتے وقت اپنے رابطہ نمبر کا ضرور اندراج کروائیں تاکہ انہیں پروازوں میں ردوبدل سے مطلع کیا جاسکے۔ترجمان کے مطابق تمام مسافروں کو ان کے درج شدہ نمبرز پر مطلع کیا جا رہا ہے. مسافر ایئرپورٹ جانے سے قبل ہی پی آئی اے کے کال سینٹر سے اپنی پروازوں سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی


loading...