خانیوال میں ن لیگی رہنماؤں کا پیپلز پارٹی کے کیمپ آفس کے باہر احتجاج، کارکنوں کا پتھراؤ ، ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی 

خانیوال میں ن لیگی رہنماؤں کا پیپلز پارٹی کے کیمپ آفس کے باہر احتجاج، ...
خانیوال میں ن لیگی رہنماؤں کا پیپلز پارٹی کے کیمپ آفس کے باہر احتجاج، کارکنوں کا پتھراؤ ، ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی 

  

خانیوال (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں کا پاکستان پیپلز پارٹی کے کیمپ آفس کے باہر احتجاج،ن لیگی رہنماوں نے پیپلز پارٹی پر خواتین کو ووٹ کے بدلے پیسے دینے کا الزام عائد کردیا جبکہ پیپلز پارٹی نے اپنے کیمپ آفس اور پارٹی امیدوار میر سید واثق سرجیس حیدر کی رہائش گاہ پر حملے کا الزام ن لیگی قیادت پر عائد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو خبردار کیا ہے کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آ جائیں ورنہ پیپلز پارٹی کے جیالے اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں ،اس موقع پر   کارکنوں نے  پتھراؤ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ   پیپلز پارٹی کے رہنما ن لیگی قائدین کے خلاف مقدمہ درج کروانے تھانہ سٹی پہنچ گئے۔
 تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے پاکستان پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ خواتین کو پیسے دیکر ووٹ خرید رہے ہیں۔ اس پر پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے عطا تارڑ کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کیمپ آفس کے باہر احتجاج کیا تو پیپلز پارٹی کے کارکن بھی آگئے ،کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے، پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے وہاں مسلم لیگ ن کی گاڑی جس پر کارکن سوار تھے پتھراؤ  کیا،  پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہناہے کہ مسلم لیگ ن والے مسلح ہوکر ہمارے گھر میں گھسے ہیں اور ہماری خواتین سے بدتمیزی کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما علی موسی گیلانی کی قیادت میں مقدمہ درج کروانے تھانہ سٹی پہنچ گئے جہاں ان کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کروائے بغیر تھانے سے باہر نہیں جائیں گے۔ 

علی موسی گیلانی کا کہنا تھا کہ خانیوال میں ن لیگ کی جانب سے  پیپلزپارٹی کے الیکشن آفس پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،لیگی قیادت اپنی ہار کو دیکھتے ہوئے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے،ن لیگ اپنی سابقہ روایات کو جاری رکھتے ہوئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ لگانے والے جمہوری روایات کی توہین کررہے ہیں،لیگی قیادت کو خبردار کرتے ہیں کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں ورنہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
دوسری طرف  ‏رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی کا پی پی 206 میں جیالے امیدوار کی رہائش گاہ پر حملے کرنے والے لیگی کارکنوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خانیوال میں جیالے امیدوار کے گھر کا دروازہ توڑا گیا، حملہ آور جدید اسلحے سے لیس تھے،‏فوٹیج میں ثبوت موجود ہیں کہ ن لیگ کی جانب سے ان کے امیدوار رانا سلیم اور عطاء تارڑ حملہ آوروں میں شامل تھے،خانیوال شہر کا امن و امان خراب کرکے ن لیگ اوچھے ہتھکنڈے اختیار کررہی ہے، ‏لاہور کی طرح خانیوال میں بھی ن لیگ دو دو ہزار روپے میں ووٹ خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ادھر الیکشن ہوتے رہے ہیں اور پُرامن طریقے سے ہوتے رہے ہیں،ن لیگی امیدوار نے لاہور اور ملتان سے کرائے کے لیڈر بلائے ہوئے ہیں، جن میں صفِ اول میں عطاءاللّٰہ تارڑ ہیں، ن لیگ کے کرائے کے گلو بٹوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔