صدرِ مملکت کل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے
لاہور(لیڈی رپورٹر)صدرِ مملکت عارف علوی کل بروز جمعہ 16 دسمبر کو پنجاب میں ویب 3.0ٹیکنالوجی کے نفاذ کے حوالے سے لاہور میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس ضمن میں ویب تھری پوائنٹ زیرو ٹیکنالوجی کے پنجاب میں نفاذ کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ایک ماہ قبل بائیس رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی تھی۔ کمیٹی میں صوبائی وزیرخزانہ محسن لغاری کو کنوینر‘ڈاکٹر ارسلان خالد کو معاون کنوینر اورچیئرمین پی آئی ٹی بی سید بلال حیدر کو ممبر مقرر کیا گیا جبکہ چیئرمین پاشا‘ سٹیٹ بینک و دیگر اداروں کے ماہرین کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔چند روز قبل کمیٹی کے پہلے اجلاس کے موقع پر پنجاب کا پہلا ویب تھری پورٹل بھی لانچ کر دیا گیا ہے۔ پورٹل پر صوبے میں اس جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے حوالے سے ریسرچرز‘ پالیسی ایکسپرٹس‘ آئی ٹی ماہرین اور ملکی اور عالمی کمپنیاں تجاویز پیش کریں گی جبکہ پنجاب میں ویب تھری ٹیکنالوجی کو اپنانے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کیساتھ معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہونگی۔ ویب تھری میں شامل بلاک چین‘آرٹیفیشل انٹیلی جینس‘ مشین لرننگ و دیگر کے نفاذ سے صارفین اور اداروں کی پرائیویسی اور ڈیٹا سکیورٹی بھی بڑھ جائے گی۔
صدرِ مملکت