ادویات،سرجیکل آلات کی قیمتوں میں اضافہ 

ادویات،سرجیکل آلات کی قیمتوں میں اضافہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملک میں ڈالر کی کمی اور قیمتوں میں مسلسل اضافے سے انسانی زندگی بچانے والی ادویات اور سرجیکل آلات کی قیمتوں میں 30سے 60  فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ وینٹی لیٹر پر موجود مریضوں کے لیے استعمال ہونے والے بریدنگ سرکٹ کی قیمت 12سو روپے، ٹرانسڈیوسر کی قیمت 31 سو روپے، شریانوں میں لگنے والے ٹرپل لیومن کی قیمت ساڑھے چھ ہزرا،بائیوپسی گن کی قیمت ساڑھے آٹھ ہزار، ڈائلیسز میں استعمال ہونے والا ٹو لیومن چھ ہزار دو سو جبکہ پیٹ سے پانی نکالنے میں مددگار پکٹل کیتھیڈریل کی قیمت26ہزار تک جا پہنچی ہے۔ اِسی طرح گردوں سے پتھری نکالنے والا ڈی جے سٹنٹ اور بچوں کی شریانوں کے لیے استعمال ہونے والا سنگل لیومن، ایل پی نیڈل، گائیڈ وائر، گلوز اور گازز کے علاوہ  انسانی زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ بعض ادویات تو مل ہی نہیں رہیں۔ جنوبی پنجاب کے لاکھوں مریضوں اور اْن کے لواحقین کو سرجیکل آلات کی خریداری کے لیے پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ سرجیکل آلات اور انسانی زندگی بچانے والی ادویات میں ہوشربا اضافے کے ساتھ اُن کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے صرف مالی مفاد کے لیے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

مزید :

رائے -اداریہ -