بھارت: وطن عزیز میں دہشت گردی کا ذمہ دار

 بھارت: وطن عزیز میں دہشت گردی کا ذمہ دار
 بھارت: وطن عزیز میں دہشت گردی کا ذمہ دار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 وطن عزیز میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو اُس کے پیچھے کہیں نہ کہیں بھارت کا ہی ہاتھ نظر آتا ہے کہ بھارت ہر قسم کی دہشت گردی کو بڑھاوا دیتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ  23 جون 2021ء کو جوہر ٹاؤن لاہور کے دھماکے میں ”راء“ ملوث ہے اور دہشت گردی کے کئی ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایجنسیوں نے دہشت گردی کے واضح ثبوت پکڑے ہیں۔ حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کریں گے اور بھارت کے دہشت گردی کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جائے گا،وزیر خارجہ بلاول زرداری اور وزارت خارجہ معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے۔ 23 جون 2021ء کو حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب یہ واقعہ رونما ہوا تھا،وہ گھر پر نہیں تھے، شاید فیملی ٹارگٹ تھی لیکن پولیس کی موجودگی کی وجہ سے گاڑی حافظ سعید کی رہائش گاہ تک نہیں پہنچ سکی تھی۔اِس دھماکے کے نتیجے میں تین شہری ہلاک اور 22 زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔یہ رہائشی علاقے تھا جس سے گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔ 


وزیر داخلہ نے کہا کہ چھوٹے موٹے نیٹ ورک ملک کے مختلف حصوں میں بنتے رہتے ہیں،ہمارے ادارے اور ایجنسیاں اُن کے پیچھے لگی ہوئی ہیں، ایک دہشت گرد کو اِس سال اپریل میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا۔ عید گل کو پکڑا تو سمیع الحق کی نشاندہی ہوئی جو 2012ء سے ”راء“ کے لیے کام کرتا تھا۔ بھارتی ایجنٹ سمیع الحق کو بلوچستان سے 
گرفتار کیا گیا، اُس کا اسلم، سنجے تیواری اور وسیم سے رابطہ تھا۔ بھارت نے آٹھ لاکھ 75 ہزار ڈالر چار افراد کو پاکستان میں دہشت گردی کے لئے دیئے۔ سنجے کمار تیواری راء کے ایجنٹ کے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔ ملزمان وسیم حیدر خان اور اجمل نامی شخص کے بھی ریڈ وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔اِس حقیقت سے انکار نہیں کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے، یہ ایسا بدبخت عمل ہے جس میں ہم ہر روز ایک نئی صورت حال سے دوچار ہوتے ہیں، ہمارا کوئی طبقہ ایسا نہیں ہے جس نے قربانی پیش نہ کی ہو یا اِس دہشت گردی کا شکار نہ ہوا ہو، مساجد، امام بارگاہوں، اہم عمارتوں اور اجتماعات کو نشانہ بنایا گیا۔ ہر بم دھماکے، خود کش حملے اور دہشت گردی کے پیچھے ہمیشہ بھارتی ہاتھ ہی نکلا۔ ”راء“ نے بہت سے جاسوس  اور ایجنٹ پاکستان میں پھیلا رکھے ہیں جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔  


 کچھ عرصہ قبل ہی بھارت کے اپنے میڈیا  میں پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کا اعتراف یوں کیا گیا کہ پاکستان میں بھارتی ایجنسیوں کے ذریعے کی جانے والی دہشت گردی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔بھارتی نیوز چینل میں کالعدم تنظیم کے سربراہ حافظ محمد سعید کو قتل کرنے کا منصوبہ بتا دیا۔ پاکستان نے دہشت گردی کی اِس کارروائی کا الزام بھارت پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا:  ”یہ بھارت کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کو فروغ دینے کی نئی کوشش ہے“۔گو کہ اِس وقت بھارت کی جانب سے اُسے ”پراپیگنڈہ“ قرار دیا گیا لیکن اب بھارتی میڈیا نے ہی بھارتی وزارت خارجہ کے سابق بیان کو جھٹلا دیا۔ بھارتی ٹی وی چینل کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ حافظ سعید کو قتل کرنے کے اِس بھارتی منصوبے پر عملدرآمد میں ڈیڑھ سال کا وقت لگا۔


بھارتی میڈیا کے اِس تفصیلی اعتراف کے بعد اب کوئی شک باقی نہیں رہتا کہ مودی سرکار کی سرپرستی میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں اور اِس کے لئے معصوم لوگوں کو چارہ بنایا جاتا ہے، کالعدم تنظیموں سے کام کرایا جاتا ہے اور الزام بھی انہی کے سر دھر کر خود کو مظلوم ظاہر کیا جاتا ہے، جو بھارت کی پرانا ہتھکنڈہ ہے۔ ہندوستانی ایجنٹوں نے پاکباز، متقی اور پرہیزگار طالبان کا روپ دھار کر پاکستان کے شمالی  علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو فروغ دیا۔ ماضی قریب میں ہندوستان کی افغانستان میں مداخلت کے بعد عسکریت پسندی کی کارروائیوں میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ حالات کے ستائے ہوئے بے حال افغان نوجوان ہندو ایجنٹوں کے ہاتھ میں کھلونا بن گئے یوں وطن عزیز میں قتل و غارت گری کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا۔


وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دوسرے ممالک کی جیلوں میں رہ کر واپس آنے والے پاکستانیوں کی بھی سکروٹنی کی جائے گی کیونکہ اِس واقعے میں بیرونِ ملک قید شخص کو بھی رہا کروا کر استعمال کیا گیا۔ہندوستان کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے اپنے مظالم چھپانے کے لئے ایسی حرکتیں کرتا رہتا ہے اور بھارت نت نئی چالوں سے بین الاقوامی سازشیں کرتا ہے۔ کلبھوشن کا گرفتار ہونا بھارت کا سفاک چہرہ دکھانے کے لئے کافی ہے۔ پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں سے در اندازی جاری ہے۔کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کہنے والے آزادی کشمیر کے لئے لرزاں و ترساں سرفروشوں کو تو ”آتنک وادی“ کا نام دے کر گولیوں سے بھون دیا جاتا ہے مگر بھارتی وزیرداخلہ نے خطے میں ہونے والی دہشت گردی اور بم دھماکوں کی ذمہ داری ہندو عسکریت پسند وں پر عائد کی ہے، کیا اب آر ایس ایس اور شیوسینا کے دہشت گردوں کو کشمیری دہشت گردوں جتنی سزا مل سکے گی؟ 

مزید :

رائے -کالم -