پاکستان اور لیبیا کے مابین بغیر ویزاسفری سہولت معاہدے پر عملدرآمد ہونا چاہیے: چیئرمین سینیٹ 

پاکستان اور لیبیا کے مابین بغیر ویزاسفری سہولت معاہدے پر عملدرآمد ہونا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد (این این آئی) چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے کہاہے کہ پاکستان اور لیبیا کے مابین سرکاری اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر بغیر ویزا سفر کی سہولت کے معاہدے پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ بدھ کو لیبیا کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر فاوزی الطاہر النویری وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اعلیٰ حکام کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔بعد ازاں وفد نے چیئر مین سینیٹ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون، پارلیمانی و تجارتی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئر مین سینٹ نے کہاکہ پاکستانی قوم لیبیا کے صدر کے دورہِ پاکستان کی منتظر ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان اور لیبیا کے مابین سرکاری اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر بغیر ویزا سفر کی سہولت کے معاہدے پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں افرادی قوت کی کمی نہیں ہے اور لیبیا کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ لیبیا پاکستان کے مابین ادارہ جاتی معاونت روابط کو مزید مستحکم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، تعلیمی اور دفاعی سطح پر تعاون کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔ ڈپٹی سپیکر فاوزی الطاہر النویری نے کہاکہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ لیبیا کی عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر فاوزی الطاہر النویری نے چیئرمین سینیٹ کو لیبیا کے دورے کی دعوت بھی دی، چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ اعلیٰ سطح وفد کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے دائرہ کار کو وسعت ملے گی۔فاوزی الطاہر النویری نے کہاکہ دونوں ممالک  کے مابین پارلیمانی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
 چیئر مین سینٹ

مزید :

صفحہ آخر -