حکومت ملک کے بہتری کیلئے قومی یکجہتی کی فضا ہموار کرے،طاہر منظور چودھری
لاہور(سٹی رپورٹر) وائس چیئرمین پیاف طاہر منظور چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی انارکی کی فضا نے کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج بنادیئے ہیں۔ ملکی معاشی ترقی کا سفر بری طرح متاثر ہورہا ہے صنعت کار غیر یقینی کی صورت حال سے دوچار ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے تناو زدہ حالات نے عوامی اور اقتصادی شعبہ ہائے زندگی کو خوفناک مسائل سے دوچار کردیا ہے۔ حکومت ملک میں بہتری اور روشن مستقبل کیلئے سیاسی اور قومی یکجہتی کی فضا ہموار کرے۔ ملکی اندرونی تقسیم در تقسیم کی سیاست قومی یکجہتی کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ صنعتیں، کاروبار اور اقتصادی اعشاریئے ملکی سیاسی استحکام کے مضبوط حالات سے ہی پروان چڑھ سکتے ہیں۔
قومی سطح پر معاشی حالات کی بہتری اور سیاسی استحکام کیلئے سنجیدہ فیصلے کئے جائیں۔ احتجاج جلسوں جلوسوں کی سیاست ملکی معیشت کو مزید بحرانوں سے دوچار کر رہی ہے۔ ملکی صنعتی شعبہ ہائے زندگی مثبت اور تعمیری طرز سیاست کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ حکومت حالات کو بہتر اور سازگار سمت لائے تاکہ صنعتیں ملکی معاشی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔