بیٹرفخر زمان نے فٹنس کے لئے پریکٹس کا آغاز کردیا
لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز فخر زمان کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب جاری ہے جس کے مکمل ہونے میں ابھی مزید تین ہفتے درکار ہیں۔ذرائع کے مطابق فخر زمان نے اب لاہور میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ پریکٹس کا آغاز بھی کر دیا ہے، بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان اب پہلے سے خاصے بہتر محسوس کررہے ہیں۔ان کا ری ہیب 3ہفتے مزید جاری رہے گا۔واضح رہے کہ فخر زمان گھٹنے کی انجری کا شکار ہو کر آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے باہر ہو ئے تھے۔
، انہیں نیدر لینڈز کے خلاف کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا لیکن وہ اس دوران ایک بار پھر گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔یہ وہی انجری تھی جس کے ری ہیب کے لیے فخر زمان انگلینڈ گئے تھے، وہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے ٹریول ریزور میں شامل تھے لیکن شاہین آفریدی کے ساتھ انگلینڈ میں جب وہ اپنا ری ہیب مکمل کر کے آسٹریلیا پہنچے تو انہیں بھی عین وقت پر 15 رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا تھا جبکہ عثمان قادر کو ریزورز میں بھیج دیا گیا تھا۔بھارت اور زمبابوے کے خلاف تو انہیں موقع نہ دیا گیا لیکن نیدر لینڈز کے خلاف میچ میں انہیں کھلانے کا رسک لیا گیا اور پھر وہ دوبارہ گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔بعدازاں گھٹنے کی تکلیف کے ساتھ قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان کو کولہے کی تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑا۔کولہے کی تکلیف کاعلاج کرانے کے بعد فخر زمان نے ری ہیب کا آغاز کیا وہ کامیابی سے ری ہیب مکمل کرنے کے بعد کسی بھی سطح کی کرکٹ کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔