تمام اضلاع میں یونیورسل نمبر پلیٹس عوام کو دی جا رہی ہیں: خلیق الرحمن
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خلیق الرحمان نے ضلع خیبر میں محکمہ ایکسائز کے دفتر کا افتتاح کیا اور یونیورسل نمبر پلیٹس بھی ضلع خیبر کے عوام میں تقسیم کیں۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز عدیل شاہ اور دیگر ایکسائز عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔مشیر برائے ایکسائز خلیق الرحمان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر میں اس دفتر کے افتتاح کے بعد عوام کو گاڑیوں کی رجسٹریشن میں آسانی ہوگی۔ تمام اضلاع میں یونیورسل نمبر پلیٹس عوام کو دی جا رہی ہیں، اگلے ماہ سے تمام خیبر پختونخوا کے اضلاع میں یونیورسل نمبر پلیٹس لگی گاڑیاں سڑکوں پر نظر آنا شروع ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے دفتر کے افتتاح سے یہاں پر منشیات کی روک تھام میں بھی بہت مدد ملے گی۔ خلیق الرحمان نے کہا کہ ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی اور گاڑیوں کے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کے اجراء سے اب شہری گھر بیٹھے موبائل فون پر ٹیکسوں کی ادائیگی کے علاوہ گاڑیوں کی رجسٹریشن بھی کرواسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہا ہے۔ گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹس اور سنٹرلائزڈ رجسٹریشن سسٹم کے تحت اب گاڑیوں کی رجسٹریشن الگ الگ اضلاع کی بجائے صرف صوبے کے نام پر ہوگی۔ خلیق الرحمان نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اسی طرح کام جاری رکھیں گے۔