خیبر پختونخوا میں کرکٹ کا بہت بڑا ٹیلنٹ موجود ہے،وجاہت اللہ واسطی
چارسدہ (بیورورپورٹ)سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی سی بی کے سلیکٹر وجاہت اللہ واسطی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کرکٹ کا بہت بڑا ٹیلنٹ موجود ہے۔پی سی بی کے زیر اہتمام سکول کرکٹ کی بحالی کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔گراس روٹ لیول پر کرکٹ سہولیات کی فراہمی کے لیے پی سی بی انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔وہ چارسدہ میں پی سی بی انڈر 13،انڈر16اور انڈر 19 ٹیموں کے سلیکشن کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔اس موقع پراسسٹنٹ سلیکٹر صدیق خان اور پی سی بی کوچ محمد شعیب بھی موجود تھے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹ و سلیکٹر وجاہت اللہ واسطی نے کہا کہ سلیکشن خالص میرٹ پرکی گئی ہے اور کسی کھلاڑی کے ساتھ زیادتی اور نہ کوئی اقرباء پروری کی گئی۔پی سی بی امسال خیبر پختونخوا میں انڈر 13اور انڈر 16کی چھ ٹیمیں بنا رہی ہے جس سے کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ اجاگر ہو گا۔پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں عالمی معیار کی حامل کرکٹ اکیڈمی بن رہی ہے جس کے بعد خیبر پختون خوا کے کھلاڑیوں کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور کی بجائے پشاور میں تربیت دی جائے گی اور زیر تربیت کھلاڑیوں کو وہی مراغات ملیں گے جو نیشنل ہائی پرفارمنس لاہور میں دی جاتی ہے۔ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم کے حوالے سے بھی سپورٹس بورڈ کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے اور امید ہے کہ اس سے خیبر پختون خوا میں کرکٹ کو مزید فروغ اور ترقی ملے گی۔وجاہت اللہ واسطی کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ خیبر پختون خوا میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے جس کو اجاگر کرنے کے لیے پی سی بی اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پی سی بی نے سکول کرکٹ کو دوبارہ شروع کیا ہے جس سے بہت بڑا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے