پورے صوبے میں کمیونٹی سکولز کو فعال بنایا جائے‘ شفیق آفریدی
پشاور(سٹی رپورٹر) خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ترقی و منصوبہ سازی کے چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی محمد شفیق آفریدی نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے حکام کو پورے صوبے میں کمیونٹی سکولز کو فعال جبکہ ان کے مزید فروغ کیلئے انتظامات یقینی بنانے سمیت ٹیسکو حکام کو بھی ضم اضلاع میں بجلی مسائل سے متعلق مؤثر اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔یہ احکامات چیئرمین کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی محمد شفیق آفریدی نے گزشتہ روز اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ترقی و منصوبہ سازی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک، ظفر اعظم اورپختون یار خان سمیت سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ترقی و منصوبہ سازی، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، ڈائریکٹر ایریگیشن، ڈائریکٹرز جبہ ڈیم و باڑہ ڈیم ضلع خیبر، سپرنٹینڈنٹ انجنئیر محکمہ آبنوشی ضلع خیبر، چیف انجینئرز ساوتھ و نارتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر سمال ڈیمز، چیف پلاننگ آفیسر، محکمہ صحت و محکمہِ توانائی و برقیات، ڈپٹی چیف پلاننگ آفیسر ہائیر ایجوکیشن، پلاننگ آفیسر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ایگزیکٹو انجینئر ٹیسکو، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اور سیکشن آفیسر محکمہ قانون کے علاؤہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔اجلاس میں پراجیکٹ پالیسی 2018، ریگولرائزڈ پروجیکٹس، باڑہ ڈیم و جبہ ڈیم ضلع خیبر، کھیالہ ڈیم مانسہرہ، سیلاب سے بچاؤ کی سکیمز، ضلع کرم میں آبنوشی منصوبے، واٹر سپلائی سکیم خوجڑی بنوں اور ضم اضلاع کے تعلیمی شعبے کیلئے منظور شدہ منصوبوں جبکہ وہاں پر بجلی مسائل و حل سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں اضلاع کی سطح پر تمام ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ڈیڈک فورم سے منظوری و آگاہی پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نے تمام تعلیمی اداروں میں بروقت تعیناتیاں یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج تخت نصرتی ضلع کرک اور گورنمنٹ ھائی سکول سرمست میراخیل بنوں سے متعلق ممبران کے اعتراضات پر مکمل تفصیلات اگلے کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کیلئے بھی متعلقہ حکام کو ھدایات جاری کیں۔ انہوں نے محکمہ آبنوشی حکام کی جانب سے ضلع خیبر میں بہتر کارکردگی دکھانے پر خراجِ تحسین پیش کرنے سمیت ضم اضلاع میں تعلیم کے فروغ کے لیے جاری و مجوزہ منصوبوں سے متعلق تفصیلات اگلے کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے حکام کو احکامات بھی جاری کیے۔