بی آئی ایس پی ملازمین ملک بھر میں سراپا احتجاج
پشاور(سٹی رپورٹر) وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کے بنیادی ادارے بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے تمام ملازمین آفیسران بالا و زیریں احتجاج کرنے پر مجبورہیں 16 دسمبر تک مسائل حل نہ ہوئے تو تمام ضلعی و تحصیل دفاتر کے ساتھ ساتھ ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں تالہ بندی ہوگی اور مسائل کے حل کے لئینوٹیفیکیشن کے اجراء تمام دفاتر بند رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام ایمپلائز ویلفیر ایسوسیشن خیبر پختون خواہ کے صدر ملک جواد انور جنرل سیکرٹری عنایت الرحمان خلیل اور ارشد علی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمے کے ملازمین کو پیپلز پارٹی سے وابستہ چیئر پرسن شازیہ مری کے ہوتے ہوئے بھی اپنے جائز حقوق ملنا مشکل ہوا ہے گزشتہ تمام حکومتوں نے ملازمین کو نظر انداز کئے رکھا 13سال سے محکمہ کے زیادہ تر ملازمین ایک ہی سکیل میں کام کررہے ہیں، جس میں بنیادی تقرری ہوئی. کنٹیجنٹ پیڈ سٹاف کو بھی بارہ سال سے مستقل نہیں کیا گیا ادارے کی ملازمین کے لیے نہ ہی کوئی میڈیکل پالیسی ہے اور نہ ہی ریٹائرمنٹ کے بعد کی سہولیات کو بورڈ سے منظور کروایا گیا ہے. آفیسران کا کہنا ہے کہ اگر ان کے تمام مسائل دی گئی ڈیڈ لائن تک حل نہیں کئے گئے تو تمام دفاتر کی تالہ بندی کردی جائے گی جس سے غریب مستحقین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ارباب اختیار اور مینجمنٹ سے درخواست ہے کہ ملازمین کے تمام جائز حقوق کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ ملازمین اپنے بنیادی حقوق حاصل کرکے مزید جانفشانی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی کر سکیں۔