سینیٹراعظم سواتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روزہ کی توسیع ،وکلا کو ملاقات کی اجازت
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سینیٹراعظم سواتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روزہ کی توسیع کرتے ہوئے وکلا کو ملاقات کی اجازت دیدی۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں اعظم سواتی کیس کی سماعت ہوئی،سینیٹر اعظم سواتی کو آج عدالت میں پیش نہیں کیاگیا،پی ٹی آئی سینیٹر کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوائی گئی ۔
دوران سماعت تفتیش افسر نے کہاکہ ٹوئٹر سے ریکارڈ اور ٹیکنیکل رپورٹ آنا باقی ہے ،عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ ضمنی چالان تو پیش کریں،عدالت نے کہاکہ نوٹس دے رہا ہوں آئندہ سماعت پر چالان نہ آیا تو آپ کی تنخواہ بند ہو گی ۔
عدالت نے اعظم سواتی سے استفسارکیاکہ سواتی صاحب آپ کیسے ہیں؟ اعظم سواتی نے جواب دیا کہ میں ٹھیک ہوں ،قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں ، آزاد عدلیہ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں ۔
وکیل بابراعوان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ اعظم سواتی سے ملاقات کی اجازت دی جائے ،مقامی عدالت کے جج محمد شبیر نے وکیل بابراعوان کی درخواست منظور کرلی ،جج محمد شبیر نے کہاکہ ملاقات کا وقت طے کرلیں، جیل حکام کو حکم جاری کر دیتے ہیں ، عدالت نے اعظم سواتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔