ستمبر میں وزارت عظمیٰ چھوڑنے والے بورس جانسن نے تقاریر سے کروڑوں روپے کما لئے
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن) تین ماہ قبل وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے والے بورس جانسن نے صرف 4 تقاریر سے کروڑوں روپے کما لئے ۔
نجی ٹی وی " جیو نیوز" کے مطابق بورس جانسن نے ماہ ستمبر میں ارکان پارلیمنٹ کی سپورٹ نہ ہونے کے باعث اپنا وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑ دیا تھا ، بورس جانسن نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران 4 تقاریر کیں اور ان کی مد میں 10 لاکھ پاؤنڈز کما لئے ۔
برطانوی ارکان پارلیمان کے مالی اثاثوں کے ریکارڈ کے مطابق 58 سالہ بورس جانسن کو اکتوبر اور نومبر میں چار تقاریر میں خطاب کرنے پر 10 لاکھ 30 ہزار 780 پاؤنڈز معاوضہ ملا جو پاکستانی دو کروڑ 85 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
نیو یارک میں امریکی مالیاتی کمپنی سینٹرویو پارٹنرزکی تقریب میں خطاب کرنے کیلئے بورس جانسن کو دو لاکھ 77 ہزار 724 پاؤنڈز ادا کئے گئےجبکہ سفری اور رہائشی اخراجات اس کے علاوہ تھے ۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک تقریب سے خطاب پر بورس جانسن نے دو لاکھ 61 ہزار 652 پاؤنڈز معاوضہ لیا ، سی این این گلوبل سمٹ میں تقریر کا دو لاکھ 15 ہزار 276 پاونڈ معاوضہ وصول کیا۔
بورس جانسن نے کونسل آف انشورنس ایجنٹس اینڈ بروکرز کانفرنس میں خطاب کرنے کا دو لاکھ 76 ہزار 130 پاؤنڈز معاوضہ لیا۔