لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس نے ماحولیاتی انصاف مارچ کو تحریک انصاف کا مارچ سمجھ کر نفری طلب کر لی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کی مشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے ماحولیاتی انصاف مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ کے آغاز سے قبل اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب پولیس نے کسانوں اور ماحولیاتی تحفظ کے کارکنوں کے مارچ کو روکنے کے لیے بھاری نفری طلب کرلی اور قیدی وین بھی منگوا لی گئی، پولیس نے ماحولیاتی انصاف مارچ کے عنوان کی وجہ سے یہ سمجھا کہ مارچ تحریک انصاف کی طرف سے کیا جارہا ہے۔
ماحولیاتی انصاف مارچ کا انعقاد پاکستان کسان رابطہ کمیٹی اور لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی طرف سےکیا گیا جس میں سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان ،خیبرپختوانخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے ٹریڈ یونینز، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور تحریکوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔