طاہر القادری کے پیجھے زرداری کا ہاتھ ہے ،انتخابات لیٹ کرانے کی سازش ثابت ہوگئی:شہباز شریف

طاہر القادری کے پیجھے زرداری کا ہاتھ ہے ،انتخابات لیٹ کرانے کی سازش ثابت ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر زرداری کی انتخابات لیٹ کرانے کی سازش ثابت ہو گئی ہے طاہر القادری کے پیچھے زرداری صاحب کا ہاتھ ہے الیکشن کمیشن کی تحلیل کے حوالے سے دائر کی گئی پٹیشن کے فیصلے سے نووارد شعبدہ بازوں کی نیت اور خارجی ایجنڈا واضح ہو گیا ہے۔ اٹارنی جنرل نے پٹیشن کی حمایت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ شعبدہ بازوں کے پیچھے زرداری صاحب کا ہاتھ ہے۔ عام انتخابات کو التواءمیں ڈالنے کی سازش کرنے میں زرداری صاحب خود شامل ہیں اور انہوں نے انتخابی عمل کو ڈی ریل کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ میں آج بھی یہ کہتا ہوں کہ زرداری کو قوم کا پیسہ واپس لانا ہوگا۔ انتخابی اصلاحات اچھی بات ہے۔ سیاسی بنیادوں پراربوںوکھربوں روپے کے قرضے معاف کرانے، ٹیکس نہ دینے والوں ، ٹیکس نمبر حاصل نہ کرنے والوںاورنادہندگان کو انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی حق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایکسپو سنٹر جوہرٹاﺅن میں 27 ویں لاہور انٹرنیشنل بک فیئر 2013ءکے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ لاہور انٹرنیشنل بک فیئر کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے بک سٹالز کا دورہ کیا۔میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اربوں اور کروڑوں روپے کی کوٹھیوں اور محلات میں رہنے والے ٹیکس تک نہیں دیتے جبکہ گزشتہ کئی سالوں کے دوران اربوں روپے کے قرضے سیاسی طور پر معاف کرائے گئے ہیں۔ ایسے افراد کو عام انتخابات میں حصہ لینے کا حق نہیں پہنچتا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زرداری نے بیدردی سے قومی وسائل کو لوٹا ہے۔ انہیں چاہیئے کہ وہ قوم کے پیسے واپس کردیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تحلیل کرنے کے حوالے سے پٹیشن پر فیصلے سے سیاسی شعبدہ بازوں کی اصل نیت سامنے آ گئی ہے۔ زرداری بھی انتخابی عمل کو ڈی ریل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن عوام انہیں ان کے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اب میری یہ بات ثابت ہوگئی ہے۔ میٹرو بس سروس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس کا عظیم الشان منصوبہ عام آدمی کیلئے بنایا گیا ہے۔ یہ قوم کا اثاثہ ہے اور اس کی حفاظت ان کی بھی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتاب کے ساتھ انسان کا روز اول سے تعلق چلا آ رہا ہے۔ کتاب اور انسان کا یہ واسطہ ابد تک رہے گا۔ انٹرنیشنل بک فیئر کا انعقاد اچھی کاوش ہے۔ منتظمین اور پبلشرز کو اس شاندار بک فیئر کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انٹرنیشنل بک فیئر لوگوں کا کتاب سے تعلق جوڑنے اور کتب بینی کا رجحان بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور مطالعے کا شوق بڑھائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث میٹرو بسوں کے ذریعے سفری صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔بسوں کے اندر اور بس سٹیشنز پر مسافروں کی رہنمائی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ میٹرو بس سروس کے محض تفریحی مقاصد کیلئے استعمال کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ رنگ روڈ پولیس کی طرز پر میٹرو بس پراجیکٹ کیلئے علیحدہ سکیورٹی نظام تشکیل دینے کا جائزہ لیا جائے اور اس ضمن میں جلد سفارشات پیش کی جائیں۔وہ ماڈل ٹاﺅن میں میٹرو بس سسٹم کے آپریشنل امور سے متعلق قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ محنت، دیانت اور شفافیت کے ساتھ مکمل ہونے والے میٹرو بس سسٹم پر اب بسیں رواں دواں ہیں اور عوام کو بہترین اور جدید سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ عوام کی آگاہی کیلئے بس سٹیشنز پر پبلک ایڈریس سسٹم لگایا جائے۔ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی پیشہ ورانہ انداز سے فرائض سرانجام دے۔ میٹرو روٹ اور بسوں کی صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ میٹرو روٹ پر آنے والی ہر غیرمتعلقہ گاڑی یا شخص کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ روٹ کی سکیورٹی اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -