اقتدار میں آکر سندھیوں سے بے وفائی نہیں کرینگے ،زرداری عوام کیساتھ ہوتے تو میں ان کے ساتھ ہوتا:نوازشریف

اقتدار میں آکر سندھیوں سے بے وفائی نہیں کرینگے ،زرداری عوام کیساتھ ہوتے تو ...

  

 نوڈیرو ( آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ صدر زرداری نے 5 سالوں میں عوام کیلئے کچھ کیا ہوتا تو حالات یہ نہ ہوتے، زرداری صاحب عوام کے ساتھ ہوتے تو میں ان کے ساتھ ہوتا، پیپلز پارٹی اگر تعلیمی ترقی کیلئے کالج اور یونیورسٹیاں بنائی ہوتیں تو لوگوں کے پاس ڈگریاں ہوتیں، یقین دلاتا ہوں کہ اپنے سندھی بھائیوں سے کبھی دغا نہیں وفا کریں گے ، جو دغا کرتے ہیں وہ فیض نہیں پاتے‘ ہم نے اپنے دور میں سندھ سے ڈاکو راج کا خاتمہ کیا اب آکر ، بلوچستان اور کراچی میں امن بحال کریں گے، لاڑکانہ کو موٹروے سے ملائیں گے، سندھ جاگ اٹھا ہے اب سندھی کسی دھوکے باز کو ووٹ نہیں دیں گے، ہم ملک میں حقیقی تبدیلی لے کر آئیں گے۔ وہ جمعرات کو یہاں (ن) لیگی رہنما سابق وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز علی بھٹو کی دعوت پر بھٹو خاندان کے آبائی شہر نوڈیرو میں بڑے جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں نے زرداری صاحب کو اتنی محبت سے ووٹ دیا لیکن کوئی تبدیلی نہیں آئی، اگر ان 5 سالوں میں عوام کیلئے کوئی کام کیا ہوتا تو آج حالات بالکل مختلف ہوتے۔ زرداری صاحب نے یہاں کالج اور یونیورسٹیاں بنائی ہوتیں تو یہاں کی عوام کے پاس ڈگریاں ہوتیں، نوجوان روزگار کیلئے بھٹکتے نہ پھرتے، عوام کا جذبہ تبدیلی کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پتہ چل چکا ہے کہ کون وفادار اور کون چور ہے، نوجوان ملک کی تقدیر بدل دیں گے، زرداری صاحب نے 24گھنٹوں میں سے ایک گھنٹہ بھی عوام کو دیا ہوتا تو آج عوام کا یہ حشر نہ ہوتا۔ عوام کے مسائل حل کئے ہوتے تو میں بھی زرداری صاحب کے ساتھ کھڑا ہوتا۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر ملک میں حقیقی تبدیلی لے کر آئے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر خدا نے موقع دیا تو نوڈیرو اور لاڑکانہ کو موٹروے سے ملائیں گے، بلوچستان اور کراچی کا امن بحال کریں گے، کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کریں گے۔ میاں نوازشریف نے یقین دلایا کہ سندھ کے ساتھ دھوکہ نہیں کریں گے ، دل کا رشتہ ہے اس میں کوئی لالچ نہیں ہے ، یہی درس ہمیں بھٹائی صاحب نہیں دیا ہے جو لوگ قوم سے دھوکہ کرتے ہیں وہ فیض نہیں پاتے، سندھ سے وفاکریں گے کبھی دھوکہ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر کرپشن اور ڈاکو راج کا خاتمہ کریں گے۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ ڈاکوﺅں کی کئی قسمیں ہوتی ہیں کچھ سرکاری ڈاکو اور کچھ پرائیویٹ ڈاکو ہوتے ہیں اقتدار میں آکر تمام ڈاکوﺅں کا خاتمہ کریں گے۔ میاں نوازشریف نے اپنی تقریر کے دوران پنڈال میں موجود لوگوں سے ہاتھ اٹھوا کر حلف لیا کہ وہ دھوکے بازوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -