شراب اور منشیات آپ کے جسم میں کتنی دیر تک رہتی ہیں؟ کتنے روز بعد بھی آپ پکڑے جاسکتے ہیں؟ جواب جان کر یقین نہیں آئے گا
لندن (نیوز ڈیسک) نشہ آور اشیاءاستعمال کرنے والے اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے استعمال کے چند گھنٹے بعد یہ ان کے جسم سے خارج ہو جاتی ہیں، اور ان کے استعمال کا سراغ لگانا مشکل ہو جاتا ہے، لیکن حقیقت بہت مختلف ہے۔
جریدے ”بزنس انسائیڈر“ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکثر منشیات کے استعمال کے کئی دن بعد بھی پیشاب یا خون کا ٹیسٹ کرنے پر جسم میں ان کی موجودگی کا پتہ چلایا جاسکتا ہے، جبکہ کچھ تو ایسی ہیں کہ کئی مہینوں تک جسم میں موجود رہتی ہیں۔ کونسی منشیات جسم میں کتنے عرصے تک رہتی ہیں، اس کی تفصیلات کچھ یوں بتائی گئی ہیں۔
-1 شراب
اس کے اثرات پیشاب میں تین سے پانچ دن تک، اور خون میں دس سے 12 گھنٹے تک موجود رہتے ہیں۔ بالوں کے نمونے کا تین ماہ بعد بھی ٹیسٹ کیا جائے تو شراب نوشی کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔
-2 چرس
اسے نسبتاً کم خطرناک نشہ سمجھا جاتا ہے لیکن اس کے اثرات طویل ترین عرصے تک جسم میں موجود رہتے ہیں۔ پیشاب میں چرس کے اثرات ایک ہفتے سے ایک مہینے تک، خون میں دو ہفتے تک اور بالوں میں تین ماہ تک موجود رہتے ہیں۔
-3 کوکین
کوکین پیشاب میں تین سے چار دن کے لئے، خون میں ایک سے دو دن کے لئے، اور بالوں میں تین ماہ تک موجود رہتی ہے۔
-4 ایل ایس ڈی
پیشاب میں ایک سے تین دن کے لئے، خون میں دو سے تین گھنٹے کے لئے، اور بالوں میں اس کے اثرات تین دن تک موجود رہتے ہیں۔
-5 ایم ڈی ایم اے
اس خطرناک نشے کے پیشاب میں اثرات تین سے چار دن کے لئے، خون میں ایک سے دو دن کے لئے، اور بالوں میں 90 دن تک موجود رہتے ہیں۔
-6 ہیروئن
ہیروئن استعمال کرنے کے تین سے چار دن بعد تک پیشاب میں اس کے اثرات موجود ہوتے ہیں، خون میں 12 گھنٹے تک جبکہ بالوں میں تین ماہ تک اس کے اثرات موجود رہتے ہیں۔
-7 ایم فیٹا مین
اس نشے کے پیشاب میں اثرات ایک سے تین دن کے لئے، خون میںتقریباً 12 گھنٹوں کے لئے، اور بالوں میں تقریباً 90 دن تک موجود رہتے ہیں۔
-8 میتھامفیٹا مین
اسے خطرناک ترین منشیات (کیٹیگری اے) میں شمار کیا جاتا ہے۔ پیشاب میں اس کے اثرات تین سے چھ دن تک، خون میں دو سے تین دن کے لئے اور بالوں میں تین ماہ تک موجود رہتے ہیں۔