نبی یوسف میموریل پولو کپ فیورٹ ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا

نبی یوسف میموریل پولو کپ فیورٹ ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام نبی یوسف میموریل پولو کپ 2016 ء فیورٹ ڈائمنڈ پینٹس نے جیت لیا۔ فائنل میں ایڈیسیو کو 10-6 سے شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب کے ایبک گراؤنڈ میں فائنل میچ کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں اور فیملیز کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ایڈیسیو کی ٹیم نے فائنل کا آغاز زبردست طریقے سے کیا۔پہلے چکر کے اختتام پر ایڈیسیو کی ٹیم کو 3-1 سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے چکر میں ایڈیسیو کی ٹیم 5-4 سے جیت رہی تھی۔ تیسرے اور چوتھے چکر میں ڈائمنڈ پینٹس کے کھلاڑیوں نے جاندار پولو کھیلی اور ایڈیسیو کے کھلاڑیوں ایک نہ چلنے دی۔ ایڈیسیو کی طرف سے شاہ قبلائی عالم کی جگہ چلی کے متیاز پیرز کو کھلایا گیا جنہوں نے چار گول سکور کیے مگر اپنی ٹیم کو نہ جتوا سکے۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے احمد علی ٹوانہ نے چار، راجہ تیمور ندیم نے تین اور ثاقب خان خاکوانی نے تین گول سکور کیے ۔ سب سڈری فائنل میں رائل پام /ماسٹرپینٹس نے آرمی ری ماؤنٹس کو 8-5 سے شکست دے کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔ رائل پام / ماسٹرپینٹس کی طرف سے جان کروز لوساڈا اور حمزہ مواز خان نے تین تین گول سکور کیے جبکہ آرمی ری ماؤنٹس کی طرف سے شاہ شمائل عالم نے دو گول سکور کیے گئے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی رائل پام اینڈ کنٹری کلب کے سی ای او شیخ رمضان اور ان کی والدہ مسز شیخ نبی یوسف تھیں۔ مسز نبی یوسف نے اپنے بیٹے رمضان شیخ کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر کا کہنا تھا کہ پولو سیزن اپنے عروج کی طرف جا رہا ہے اور زندہ دلان لاہور کو بہترین پولو دیکھنے کو مل رہی ہے۔ رمضان شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پچھلے سال سے اپنے والد نبی یوسف کے نام سے یہ ٹورنامنٹ شروع کیا ہے جو وہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ پولو لاہور کی شناخت ہے ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -