ماسٹرز چیمپیئن لیگ: رانا نوید کی ہیٹرک، جیمنائی عریبنز کی لیو لائنز کو شکست، ٹائٹل جیت لیا

ماسٹرز چیمپیئن لیگ: رانا نوید کی ہیٹرک، جیمنائی عریبنز کی لیو لائنز کو شکست، ...

  

دبئی(نیوز ڈیسک) پاکستانی باولر رانا نوید کی ہیٹرک کی بدولت جیمنائی عریبینز نے لیو لائنز کو 16رنز سے ہرا کر دبئی میں کھیلی جانے والی پہلی ماسٹرز چیمپیئن لیگ جیت لی۔ جیمنائی عریبینز نے پہلے کھیل کر سات وکٹوں کے نقصان پر 130رنز بنائے۔ جسٹن کیمپ نے 32اور سنگا کارا نے 30رنز بنائے۔ لیو لائنز کی طرف سے فیڈل ایڈورڈز اور سکاٹ سٹائرس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لیو لائنز کی اننگ کا آغاز مایوس کن رہا اور تین رنز پر اس کے تین کھلاڑی آوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر برائن لارا اور ہمیش مارشل نے اننگ کو سنبھالا اور سکور میں اضافہ کیا۔ایک موقع پر لیو لائنز کے کھلاڑی میچ پر اپنی گرفت مضبوط بنائے ہوئے تھے لیکن رانا نوید نے ہیٹرک کرکے میچ کا پانسہ بدل ڈالا۔ انہوں نے جان بوتھا، ہیتھ سٹریک اور برائن لارا کو آوٹ کر کے میچ کو جیمنائی عریبنز کے حق میں کر دیا۔انہوں نے چار اوورز میں نو رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ لیو لائنز کی ٹیم آخری اوور میں 114رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ ہمیش مارشل نے 46اور برائن لارا نے 28رنز بنائے۔ رانا نوید کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -