ٹراما سنٹر کلر کہار کی تکمیل سے زخمیوں کو بر وقت طبی امداد ملے گی، ملک تنویر

ٹراما سنٹر کلر کہار کی تکمیل سے زخمیوں کو بر وقت طبی امداد ملے گی، ملک تنویر

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ ،اربن ڈویلپمنٹ ،تعمیرات و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہاہے کہ199.99 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹراما سنٹر کلر کہار کی تکمیل سے ٹریفک حادثات میں زخمیوں کو بروقت طبی امدادکی فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔انہو ں نے کہاکہ ٹراما سنٹر میں سی ٹی سکین ، Image intensifier اور ایکو مشین سمیت الٹرا ساؤنڈ، ڈیجیٹل ایکسرے ،ریڈیوگرافی اور موبائل ایکسرے جیسے جدید طبی آلات کی تنصیب سے مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی ۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے ٹراما سنٹر کلر کہار منصوبے کو مقررہ مدت کے مطابق فنکشنل کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر وزیر اعلی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت (ڈویلپمنٹ) ڈاکٹر فیصل ظہور ، ای ڈی او ہیلتھ چکوال سلطان عالمگیر اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔ صوبائی وزراء کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ان میں سے بہت سے طبی آلات ٹراما سنٹر میں نصب کئے جاچکے ہیں جبکہ دیگر کی خریداری کو جلد ممکن بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس ضمن میں فنڈز بھی جاری کئے جارہے ہیں ۔ ای ڈی او ہیلتھ نے اجلاس کو بتایا کہ ٹراما سنٹر میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ،جنرل سرجن ، نیوروسرجن ، مریضوں کوبے ہوش کرنے والے ڈاکٹرز جلدتعینات کردیئے جائیں گے ۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ حکومت نے ٹراما سنٹر کے لئے 120 آسامیو ں کی ایس این ای کی منظوری دی جاچکی ہے جبکہ دیگر سٹاف کی بھرتیوں کے لئے بھی جلد اخبارات میں اشتہار دیاجارہاہے ۔ ای ڈی او ہیلتھ نے اجلاس کو بتایاکہ ٹراما سنٹر میں نصب سی ٹی سکین کو بجلی کی فراہمی کے لئے 200 کے وی ٹرانسفر کی تنصیب کے لئے ڈی سی او چکوال واپڈا حکام سے رابطے میں ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ ٹراما سنٹر کو مقررہ مدت میں فنکشنل کیاجائے اور اس ضمن میں کوئی بھی دقیقہ فرو گذاشت نہ رکھا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت طبی شعبے میں بہتری کیلئے طویل وقلیل المدتی منصوبہ جات کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -