اورنج لائن منصوبہ ،پیرا شوٹ کالونی کے مکینوں کا گھروں کی مسماری پر شدید احتجاج

اورنج لائن منصوبہ ،پیرا شوٹ کالونی کے مکینوں کا گھروں کی مسماری پر شدید ...

  

لاہور (خبر نگار خصوصی) اورنج لائن ٹرین منصوبے کی زد میں آنے والی پیرا شوٹ کالونی کے مکینوں نے گھروں کی مسماری کے خلاف زبردست احتجاج ہوا جس میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان ،ایم پی اے شعیب صدیقی و دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی ،اس موقع پر لوگوں نے حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی اور سینہ کوبی واحتجاج کیا اور مطالبہ کرتے رہے کہ انہیں گھروں سے بے دخل نہ کیا جائے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ خادم اعلیٰ جواب دیں کہ ایک وزیر کا گھر بچانے کیلئے سینکڑوں ایسے غریبوں کو بے گھر کیوں کیا جا رہا ہے جنہیں 10سال پہلے ہم نے مالکانہ حقوق دلوائے تھے ان کچی آبادیوں کے سروں سے اورنج لائن ٹرین گزارنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ 200ارب روپے کمیشن مافیا کو دینے کی بجائے پینے کا صاف پانی ،ہسپتال،سکول ،پارک اور لاہور شہر کو نیا سیوریج سسٹم دیا جا سکتا تھا ،انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے مفاد کی خاطر ظالمانہ منصوبوں سے باز رہیں ،کچی آبادی کے رہائشیوں سے ان کی چھت چھیننا قابل مذمت ہے سپریم کورٹ بھی کچی آبادیوں کیلئے ہمدردانہ فیصلے کر رہی ہے لیکن پنجاب حکومت اپنی شو بازیوں کیلئے غریب کش پالیسی پر عمل پیرا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ جن علاقوں سے نواز لیگ کو ووٹ نہیں ملے انہیں خصوصی سزا دی جا ری رہی ہے اور ان سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایسے اقدامات کی مذ مت کرتی ہے ،ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ حکومت وقت نے اورنج لائن منصوبے کو انا کا مسئلہ بنا لیا ہے اور عدالتی احکامات کو خاطر میں لائے بغیر غریبوں کی تباہی کا سامان کیا جا رہا ہے ،اس موقع پر پیرا شوٹ کالونی کے رہائشیوں نے عمران خان اور تحریک انصاف کا ان کے حق میں آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا ،لوگوں کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں نواز لیگ کو رہے سہے ووٹ بھی نہیں ملیں گے اور ہر شہری عمران خان کا ساتھ دے گا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -