پاکستان کوپولیو فری بنانے کیلئے عوام سے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے،اشفاق سرور
لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کوپولیو فری بنانے کے لیئے عوام کو محکمہ صحت سے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے . والدین کو چاہیے کہ اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیں تاکہ بعد کے پچھتاوے سے بچا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کچہری راولپنڈی کے قریب بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔راجہ اشفاق سرو رنے کہا کہ راولپنڈی میں 15 فروری سے شروع ہونے والی پانچ روزہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے عوام اور میڈیا کے تعاون کی اشد ضرور ت ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ محکمہ صحت کی طرف سے پولیو کے قطرے پلانے کے لئے تمام تر اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں تاہم اگر کسی بھی وجہ سے سرکاری اہلکار آپ کے گھر نہیں پہنچ پاتے تو آپ کا فرض ہے کہ مقامی سرکاری ہسپتال سے اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلائیں اور پاکستان کو پولیو فری بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔