بھارتی وزیرداخلہ کی پاکستان کو دھمکی حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، میاں مقصود

بھارتی وزیرداخلہ کی پاکستان کو دھمکی حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، میاں ...

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہاہے کہ بھارتی وزیرداخلہ’’ راج ناتھ سنگھ‘‘ کی پاکستان کو دھمکی ہندوستان سے دوستی کے خواہش مند ہمارے پاکستانی حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہے۔ پاکستان پڑوسیوں سے اچھے تعلقات کاخواہاں ہے مگر اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہم اپنی خودمختاری،سلامتی اور کشمیر سمیت دیگر متنازعہ ایشوز پر سے دستبردارہوجائیں گے۔پاکستان کو امریکہ کی جانب سے ایف16طیاروں کی فروخت کے نوٹیفکیشن پر بھارتی حکمرانوں کاواویلاناافسوسناک،ناقابل فہم اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔حکومت پاکستان جب تک ہندوستان کومنہ توڑ جواب نہیں دے گی تب تک اس سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان ہماراازلی دشمن ملک ہے جس نے تقسیم ہند سے لے کر آج تک پاکستان کے وجود کے خلاف سازشیں کیں۔وہ خطے میں چوہدراہٹ قائم کرنے کے لئے آس پاس کے ممالک پر اپنا اثرورسوخ چاہتا ہے۔اس کایہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔کشمیر،آبی جارحیت،راء کی سرگرمیوں اور عالمی فورمز پر سفارتی محاذ آرائی کونظر انداز کرکے بھارت کے ساتھ دوستی اورتجارت کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزید کہاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں ہماری قربانیوں کوساری دنیا جانتی ہے۔ہندوستان نے طاقت کے غرور میں آکر کوئی جارحیت کی تووہ ناکام ونامراد ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی وزیرداخلہ کے متنازعہ بیان کاپاکستانی دفتر خارجہ نوٹس لیتے ہوئے ہندوستانی سفیر کوطلب کرکے سخت احتجاج کیاجائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -