جنرل ہسپتال کا ایک اورپانچ منزلہ میگا پراجیکٹ مکمل

جنرل ہسپتال کا ایک اورپانچ منزلہ میگا پراجیکٹ مکمل

  

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کی روشنی میں جنرل ہسپتال کا ایک اورپانچ منزلہ میگا پراجیکٹ مکمل۔ سٹیٹ آف دی آرٹ فیزIII بلاک میں بنائے جانے والے 18 تھیٹرز میں سے 6 سرجیکل آپریشن تھیٹرز فنکشنل ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ12تھیٹرز جلد فعال ہو جائیں گے۔ اس امر کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔اس موقع پرپروفیسر آف سرجری ڈاکٹر افسر علی بھٹی ، ڈاکٹر سکندر حیات گوندل ، ڈاکٹر تنویر انور، ایم ایس کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد سمیت دیگر انتظامی ڈاکٹرز موجود تھے۔ پروفیسر خالدمحمودنے کہا کہ13300مربع فٹ رقبہ پر بنائے جانے والے فیز تھری بلاک کے لئے مجموعی طور پر72کروڑ روپے کی منظوری ہوئی تھی جن میں سے اب تک58کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ 14کروڑ کے مزید طبی آلات جلد نصب ہوں گے۔ پانچ منزلہ مذکورہ سنٹرلی ائیر کنڈیشنڈ عمارت میں 13بستروں پر مشتمل آئی سی یو(ICU) کے علاوہ 17پرائیویٹ کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔اس عمارت میں سرجیکل، گائنی، یورالوجی اور آرتھوپیڈک کے 18آپریشن تھیٹرز ہیں، جن میں جدید ترین مشینری دستیاب ہے۔ جن میں سے سرجیکل کے چھ تھیٹرز فنکشنل ہو چکے ہیں۔ باقی ماندہ بھی جلدپایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے جبکہ ان سبھی تھیٹرز سے ملحقہ بلاک میں مذکورہ شعبوں کے وارڈز بھی ہیں تاکہ مریضوں کووہاں بآسانی شفٹ کیا جا سکے۔ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات اور ان کے ہیلتھ ویژن کو مد نظر رکھتے ہوئے مریضوں کو نئے پراجیکٹ میں ایک ہی چھت تلے تمام طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلاک میں سنٹرل سٹرلائزیشن سپلائی ڈیپارٹمنٹ(CSSD) بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ طبی آلات کو جراثیم سے پاک رکھا جا سکے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ بیماریوں، وباؤ بالخصوص ڈینگی کے خلاف جنگ میں جنرل ہسپتال نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور شہریوں کی سب سے بڑی تعداد اسی ہسپتال سے رجوع کرتی ہے۔اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے جنرل ہسپتال میں جاری مختلف توسیعی منصوبوں کی بروقت تکمیل بے حد اہمیت کی حامل ہے اور اس سے شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں بڑی مدد ملے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -