محبت کے اظہار کیلئے کسی ایک دن کو مخصوص کرنے کی ضرورت نہیں، معصوم حسین نقوی

محبت کے اظہار کیلئے کسی ایک دن کو مخصوص کرنے کی ضرورت نہیں، معصوم حسین نقوی

  

لاہور ( خبر نگار خصوصی) جمعیت علماپاکستان نیازی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے ویلنٹائنز ڈے کو غیر اسلامی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ محبت کے اظہار کے لئے کسی ایک دن کو مخصوص کرنے کی ضرورت نہیں۔ محبت فطری جذبہ ہے ،جو پھولوں کے تبادلے کا محتاج نہیں۔ مغربی ثقافت کو پاکستان پر مسلط نہ کیا جائے۔ حکومت کی خاموشی افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے۔ پہلے جہاد افغانستان کے نام پر مذہبی انتہا پسندی کو فروغ دیا گیا ۔ اب آزاد خیالی کے نام پر بے حیائی کو پھیلایا جارہا ہے۔ جو کہ ہماری ثقافت نہیں ،اسے چند عاقبت نااندیش افراد مسلط کررہے ہیں۔ جو نظریہ پاکستان کے مطابق ملک کو چلتے نہیں دیکھ سکتے۔ جے یو پی خواتین کے اجلاس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔مگر دین دشمن عناصراسے سیکولرازم کا اکھاڑہ بنانے کی سازشوں میں مصروف رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ علما اور دینی تنظیموں کو تبلیغ کے ذریعے نوجوان نسل تک اسلامی احکامات کی پیروی کی تلقین کریں تاکہ معاشرے میں بگاڑ پیدا نہ ہو۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پہلے جہاد افغانستان کے نام پر نجی لشکر تشکیل دیے گئے اورمخالف فرقوں کے خلاف فتووں کی فیکٹریاں کھولی گئیں ، جس سے ملک آج بدامنی کا شکار ہوچکا ہے۔ اور فوج کو ضرب عضب آپریشن شروع کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کے نام پر بے حیائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ والدین کو اپنی اولاد پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ فحاشی کا بم آئندہ نسلوں کے لئے زیادہ خطرناک ہوگا۔ ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -