تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیر اہتمام محبت رسول مارچ کیا گیا

تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیر اہتمام محبت رسول مارچ کیا گیا

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیر اہتمام قانون ناموس رسالت میں ممکنہ تبدیلی اور پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کی سازش کیخلاف داتا دربار سے اسمبلی ہال تک محبت رسول مارچ کیا گیا جسکی قیادت سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادر ی، جامعہ نعیمیہ کے پرنسپل ڈاکٹرراغب، صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی، علامہ احمد علی قصوری ، مولانا محمد علی نقشبندی ،مفتی محمد حسیب قادری ،مفتی محمد کریم خان،مفتی محمد عمران حنفی، صاحبزادہ ارشد نعیمی ،پیر حمید جان سیفی، علامہ نعیم جاوید نوری ،صاحبزادہ نعیم عارف نوری، علامہ طاہر تبسم قادری ، علامہ عبد اللہ ثاقب، پیر شفیق کیلانی، مولانا مجاہد عبد الرسول، پروفیسر عبد العزیز نیازی نے کی ۔ محبت رسول مارچ میں ہزاروں پر جوش عاشقان رسول نے قافلوں کی صورت میں شرکت کی ۔ مارچ کے شرکاء غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے ، ہم عظمت رسول کے پاسبان ہیں پاسبان ، قانون ناموس رسالت میں تبدیلی نا منظور جیسے نعرے لگاتے رہے۔محبت رسول مارچ کے آخر میں اسمبلی ہال کے سامنے فیصل چوک میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ نعیمیہ کے پرنسپل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ قانون ناموس رسالت میں تبدیلی کی کو ئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔قوم کو بارود کی نہیں محبت رسول کی خوشبو کی ضرورت ہے۔انتہا پسندی اور دہشتگردی کا علاج محبت رسول کا فروغ ہے۔پاکستان کو لادین ریاست بنانے کے خواب دیکھنے والے ناکام و نامراد ہونگے۔علماء کرام نے کہا کہ ممتاز قادری کو سنائی گئی سزا غیر آئینی اور غیر اسلامی ہے۔ممتاز قادری مجرم نہیں عاشق رسول ہے۔نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔آپریشن ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے۔کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔محبت رسول مارچ میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی ، صاحبزادہ طاہر شہزاد سیالوی ، مفتی خلیل یوسفی، صاحبزادہ احمد رضا سیالوی ، بشیر احمد نظامی ، صاحبزادہ ارشد گردیزی ، شاداب رضانقشبندی ،حاجی رانا شرافت علی قادری ، صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ، احسان الحق صدیقی، محمد نوار قادری ، سردارمحمد طاہر ڈوگر شامل تھے۔مارچ میں سنی اتحاد کونسل ، پاکستان سنی تحریک ، جماعت اہلسنّت پاکستان، حلقہ سیفیہ ، نعیمین ایسو سی ایشن ، شیران اسلام ، انجمن طلباء اسلام اور دوسری اہلسنّت جماعتوں کے کارکنان نے شرکت کی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -