رواں سال بین الاقوامی آئل مارکیٹ مستحکم رہنے کی امید ہے

رواں سال بین الاقوامی آئل مارکیٹ مستحکم رہنے کی امید ہے

  

لندن (اے پی پی) تیل کی صنعت سے وابستہ اہم ترین اداروں اور شخصیات نے رواں سال کے دوران بین الاقوامی آئل مارکیٹ کے مستحکم ہونے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق انٹرنیشنل پٹرولیم ویک انڈسٹری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ میں توانائی کے سب سے بڑے ادارے برٹش پٹرولیم کے چیف ایگزیکٹو باب ڈوڈلے نے کہا کہ سال کے دوسرے نصف میں تیل کی طلب اور رسد میں توازن آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تیل کی فراہمی کی صورتحال مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ پیداوار کی وجہ سے 13 برسوں میں پہلی مرتبہ تیل کی قیمتوں میں کمی سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال کی تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں تیل کی طلب اور رسد کا توازن برقرار رہے گا۔ مارکیٹ مستحکم رہے گی تاہم فی الوقت تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ فرانسیسی آئل کمپنی ٹوٹل کے چیف ایگزیکٹو پیٹرک پویانے نے کانفرنس سے خطاب میں تیل کی مارکیٹ کے حوالے سے امیدوں کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ سال کے آخر تک آئل مارکیٹ کی صورتحال بہت بہتر ہو جائے گی۔

مزید :

کامرس -