کاشتکار کمادکی کاشت 15 مارچ تک مکمل کر لیں،محکمہ زراعت
فیصل آباد۔14 فروری(اے پی پی)محکمہ زراعت نے صوبہ بھر کے تمام زمینداروں، کاشتکاروں، کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کماد کی کاشت 15 مارچ تک مکمل کرلیں۔محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ گہری کھیلیوں میں کماد کی کھاد کیلئے منظور شدہ اقسام کا 100 سے 120 من بیج فی ایکڑ استعمال اور ممنوعہ اقسام کے بیج کاشت کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشت سے پہلے بیج کو پھپھوندی کش دوائی کے محلول میں تین سے پانچ منٹ تک بھگو کر بوائی سے بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درمیانی زرخیز زمین میں سوا تین بوری یوریا، دو بوری ڈی اے پی اور دو بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کر کے بہتر نتائج اور شاندار فصل کا حصول ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ بوائی کے فوراً بعد ہلکا پانی لگائیں اور مناسب وقفہ پر کھیلیاں خشک ہونے پر دوبارہ پانی لگائیں نیز فصل کے مکمل اگاؤ تک حسب ضرورت پانی لگاتے رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ گہری کھیلیوں میں کاشت سے پانی کی بچت کے علاوہ نہ صرف فصل گرنے سے محفوظ رہتی ہے بلکہ اس سے پیداوار میں بھی اضافہ ہوتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار کماد کی فصل کے سلسلہ میں مزید معلومات ، رہنمائی ، مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن پر صبح 8 سے رات 8 بجے تک رابطہ کرسکتے ہیں۔