ہرات اور کنڑ کے سابق گورنر سید فضل اللہ واحدی کا اغوا،کابل میں پاکستانی سفیر کی طلبی
کابل/ اسلام آباد( اے این این ) افغانستان کے صوبوں ہرات اور کنڑ کے سابق گورنر سید فضل اللہ واحدی کے اسلام آباد سے مبینہ اغواء پر کابل میں پاکستانی سفیر ابرار حسین کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے تشویش سے آگاہ کیا گیا۔افغان وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے پاکستانی سفیر کو سید فضل اللہ واحدی کے مبینہ اغواء پر افغانستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ سید فضل اللہ واحدی افغانستان کے ایک اہم شخصیت تصور کیے جاتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان حکومت ان کی محفوظ بازیابی اور اغواء کاروں کی نشاندہی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ ادھر اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کے حکام نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر پاکستانی پولیس سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ واضح رہے کہ سید فضل اللہ واحدی کو تین روز قبل اسلام آباد سے مبینہ طورپر اغواء کرلیا گیا تھا۔