چودھری نثار بتائیں کن سیاسی مخالفین کی دم نکلی ہے :چانڈیو، لگتا ہے مشیر اطلاعات اپنی دم سمجھ بیٹھے ہیں :طلال چودھری

چودھری نثار بتائیں کن سیاسی مخالفین کی دم نکلی ہے :چانڈیو، لگتا ہے مشیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

حیدرآباد(آئی این پی،اے این این )وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کے بیان پر مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو پھٹ پڑے، کہتے ہیں، چودھری نثار بتائیں، انہوں نے کون سے سیاسی مخالفین کی دْم دیکھ لی ہے، جس کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ مولا بخش چانڈیو چودھری نثار کی بیان کردہ دم کو اپنی دم کیوں سمجھ بیٹھے ہیں۔مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے حیدر آباد میں پریس کانفرنس کے دوران خوب طیش دکھائے، ان کاکہناتھا کہ پرویز رشیداور دیگر دو تین وزراء میٹھا بولیں اور ہر وقت منہ میں گولی رکھیں، چودھری نثار کے بیان کے بعد مولا بخش چانڈیو بھی جواب دینے آ گئے،ان کا کہناتھاکہ چودھری نثار بتائیں انہوں نے کون سے سیاسی مخالفین کی دْم دیکھ لی ہے۔صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پورے پاکستان کے لئے ہے ، سندھ اور بلوچستان کا نام سن کر ن لیگی وزراء کا چہرہ ہی بدل جاتا ہے،ایک وزیر جب کراچی آتے ہیں تو آگ لگا جاتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ میاں صاحب! بتانا چاہتا ہوں کہ وہ وفاقی وزیر نہ تو آپ کا وفادار ہی اور نہ ملک کا۔مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نواز شریف اتنا تنگ کریں جتنا کل برداشت کر سکیں آپ کا جلوس کچھ بھی نہیں کر سکا، ہمارا جلوس آپ کو پریشان کردے گا۔ ہم اس راستے پر نہیں جاناچاہتے کہ جس سے پاکستان کی سلامتی کو خطرہ ہو۔پیپلزپارٹی کو کمزور کرنا وفاق پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ پیپلز پارٹی کا ہی احسان ہے کہ آج مسلم لیگ (ن)کی حکومت قائم ہے ورنہ وہ تو انتخابات سے ہی بھاگ گئے تھے۔ڈاکٹر عاصم کیس کی تحقیقات میں کیا نکلا ؟،عزیر بلوچ کو ایسے پیش کیا گیا جیسے کل ہی گرفتار کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے ،سازشیں ہو رہی ہیں عجیب و غریب لوگوں کو نکالا جا رہا ہے ،پیپلزپارٹی کیخلاف کچھ نہ ملے تو ایان علی کو کھڑا کر دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر سوال کیا کہ چودھری نثار نے کس کی پونچھ دیکھ لی ہے ،دم پر پاؤں رکھنے کی بات کرنے والوں کا لب و لہجہ حیران کن ہے ،عدلیہ سندھ کے ساتھ ہونیولی زیادتیوں کا نوٹس لے۔دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ جہاں کرپشن ہو گی، چوہدری نثار اس دم پر پاؤں ضرور رکھیں گے، موجودہ وزراء گزشتہ دور کے وزراء کی طرح حاجیوں کی جیبیں نہیں کاٹ رہے، ان کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں مولا بخش چانڈیو چودھری نثار کی بیان کردہ دم کو اپنی دم کیوں سمجھ بیٹھے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -