فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں لفٹ ٹوٹنے سے 2 مزدور جاں بحق
فیصل آباد(بیورورپورٹ)فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تعمیراتی کام کے دوران لفٹ کا ناقص بیلٹ ٹوٹ جانے کے باعث دو مزدور گر کر جاں بحق ہو گئے۔ ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے اے سی سٹی اور ڈی او ٹیکنیکل پر مشتمل دو رکنی کمیٹی بناتے ہوئے چوبیس گھنٹے کے اندرحادثہ کی رپورٹ مرتب کرتے ہوئے بھجوانے کی ہدایت کی ہے. تفصیلات کے مطابق ایف آئی سی میں ہاسٹل کی تعمیر کے دوران بلڈنگ میٹریل کا سامان بالائی منزلوں پر پہنچانے کے لئے لگائی گئی لفٹ سامان اوپر لیجاتے ہوئے ناقص بیلٹ ٹوٹ جانے کے باعث سے نیچے گر گئی جس سے لفٹ کی ٹرالی میں سوار مزدور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چک 518گ.ب کے رہائشی اصغر اور حسین نیچے گر کر شدید زخمی ہو گئے اور طبی امداد ملنے سے قبل موقع پر ہی دم توڑ گئے دریں اثناء ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل نے دو مزدور وں کی ہلاکت کے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور دو رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے چوبیس گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے.