اوورسیز پاکستانیوں کی 55فیصد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ،افضال بھٹی

اوورسیز پاکستانیوں کی 55فیصد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ،افضال بھٹی

  

لاہور(خبر نگار خصوصی) کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب محمدافضال بھٹی نے کہا ہے کہ کمشن کو قیام کے ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 2200شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 55فیصد کا ازالہ کر دیا گیا ہے ۔بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی شکایات پر مختلف سرکاری افسران و ملازمین کے خلاف کیسز اینٹی کرپشن کو بھجوائے گئے جبکہ عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کے جلد فیصلوں کیلئے بھی لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے جس کیلئے عدالت عالیہ اور وزارت قانون کے حکام کودرخواست کی جاچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمشن محمد افضال بھٹی نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی خواہ وہ کوئی بھی سیاسی نظریات رکھتے ہوں اپنی شکایات کے ازالہ کے لئے کمشن سے رجوع کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ کمشن بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ملکی ترقی کے لئے انکی تجاویز سے بھی آگاہی حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی براہ راست اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کی ویب سائٹ یا ٹال فری نمبر پر کال کرکے اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں ۔کمشن کا عزم ہے کہ وہ اس پر اعتما د کرنیوالوں کی ہر ممکن داد رسی کریگا۔ وائس چےئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب خالد شاہین ،ضلعی چےئرمین اوورسیز کمشن گجرات ایم پی اے چوہدری شبیر احمد ، ضلعی چےئرمین سیالکوٹ ایم پی اے محمد طارق سبحانی نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -