تھانہ سمن آباد کا علاقہ جرائم پیشہ افراد کا گڑھ پولیس جرائم روکنے میں ناکام ہو گئی

تھانہ سمن آباد کا علاقہ جرائم پیشہ افراد کا گڑھ پولیس جرائم روکنے میں ناکام ...

  

لاہور(وقائع نگار )تھانہ سمن آباد کا علاقہ جرائم پیشہ افراد کاگڑ ھ بن گیا۔چوری ،ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں خطر ناک حد تک اضافہ ہوگیا جبکہ پولیس جرائم کو کنڑول کرنے میں ناکام ہوگئی۔مقامی ایس ایچ اوجعلی گینگ پکڑ کر افسران کی گڈ بک میں رہنے اوراعلیٰ حکام کی آنکھوں میں دھول جھو نکنے میں بازی لے گیا۔علاقے میں منشیات فروشی ،پرچی جوا،قمار بازی کے اڈے اورقحبہ خانوں کی بھرمار ۔ جرائم پیشہ افراد کی وجہ سے مقامی رہائشیوں کو اپنی جانوں کے لالے پڑ گئے ۔ نمائندہ ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اہل علاقہ نے بتایا کہ علاقہ میں جرائم بڑھ رہے ہیں ،پولیس حکام نے چند روز قبل ناقص کارکردگی کی وجہ سے ایس ایچ او کوتبدیل کیا ہے لیکن نئے تھانیدار کے آنے سے بھی کوئی خاص فرق نہیں پڑاہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں منشیات فروشی کا کالا دھندا کرنے والوں میں یونس عرف باؤ،منظور،منیر ،ندیم عرف دیما،امتیاز عرف بلیا،شاکر مسیح اور بدنام زمانہ منشیات فروش ٹیڈی،لڈو،شاکو،شاکا،شفیق عرف یقو، یاصر، ملک نیامت،یوسف عرف مونا،بلا شامل ہیں۔ان منشیات فروشوں کی وجہ سے علاقے کے متعدد نوجوان نشے کی لعنت میں مبتلا ہوکر اپنے گھروں کو چھوڑکر قبرستانوں کے مکین بن گئے۔پرچی جوا اور قمار بازی کا ناجائزکاروبار کرنے والوں میں شاہد،طارق محمود، الیاس، ارشد، بھولا بٹ،جان عرف جانا،ریاض عرف راجو، شریف، ایوب عرف گلو،علی عرف باوا،بلاگجروغیرہ شامل ہیں جویہ اڈے پولیس کی مبینہ سرپرستی میں چلارہے ہیں۔ان اڈوں پر روزانہ لاکھوں روپے کا جوادن رات جاری رہتاہے ۔علاقے میں قحبہ خانے کادھندہ کرنے والوں میں انورخان،عمران عرف سائیں،رقیہ بی بی ،جاوید عرف جیدا،باؤ الطاف،شہناز بی بی،کلثوم بی بی،مائی رکھو وغیرہ فحاشی کے اڈے چلاکر مالا مال ہوگئے ہیں ۔مقامی رہائشیوں مختار بھٹی،نوید جویا،علی اختر،احمد بٹ، شکیل، ضیاء الحسن،نعیم خان،اسد رفیق،عمران ،مبشر،آصف بٹ، مشفق خان،طاہر جاوید وغیرہ نے بتایا کہ پولیس کی مرضی کے بغیرکوئی بھی علاقے میں چوہدری نہیں بن سکتا جبکہ ڈکیتی کی واردات توبہت دور کی بات ہے لیکن ہماری پولیس نے تمام جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس کو درخواستیں دینے کے ساتھ ساتھ متعدد بار جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی بھی کی گئی ہے لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ۔اس حوالے سے تھانہ سمن آباد میں رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے ،بہت سے مشہور جرائم پیشہ افراد کو پکڑا بھی گیا ہے ۔جلد ہی علاقہ سے ان افراد کا قلع قمع کر دیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -