نشتر کینسر یونٹ کی اپ گریڈیشن،ملک بھر کے مریض مستفید ہوں گے:رفیق رجوانہ

نشتر کینسر یونٹ کی اپ گریڈیشن،ملک بھر کے مریض مستفید ہوں گے:رفیق رجوانہ

  

ملتان(سٹاف رپورٹر ،نمائندہ پاکستان )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ نشتر ہسپتال ،کڈنی سنٹر ،محمد شہباز شریف ہسپتال،فاطمہ جناح ہسپتال سمیت ملتان کے تمام ہسپتالوں کے مسائل حل کرکے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔کینسر یونٹ کی اپ گریڈیشن سے جنوبی پنجاب سمیت سندھ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مریضوں کو علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نشتر ہسپتال ملتان میں کینسر یونٹ کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں لینئر ایکسیلیٹر(Linear Acceleator) کیلئے بنکرز کی تعمیر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس پر 25 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔تقریب میں سابق وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی،چیئر مین ہلال احمر پنجاب ڈاکٹر سعید الہی ،چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ نشتر ہسپتال جلال الدین رومی ،پرنسپل نشتر میڈیکل کالج ڈاکٹر کامران سالک ،ممبر بورڈ آف مینجمنٹ نشتر ہسپتال سلطان علی گورمانی، ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل ،سی پی او ملتان اظہر اکرام، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر عاشق حسین ملک ، انچارج کینسر یونٹ ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ ہسپتالوں کے ایمر جنسی وارڈز پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔کہ ملتان کے لئے یوسف رضا گیلانی کے خاندان کی بہت سی خدمات ہیں ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کینسر یونٹ کے کام کا آغاز کیا ،اس کو میں پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ نشتر ہسپتال جلال الدین رومی نے کہا کہ نشتر ہسپتال کو 1700بیڈز تک اپ گریڈیشن کرنیکا عمل جاری ہے ۔ پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر کامران سالک نے کہا کہ ملک محمد رفیق رجوانہ کے گورنر بننے سے ہمارے رکے ہوئے کام ترجیحی بنیادوں پر ہو رہے ہیں ، نشتر میڈیکل ہسپتال کو جنوبی پنجاب کا ایک مثالی ہسپتال بنایا جائے گا ۔ انچارج کینسر یونٹ ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے کہا کہ کینسر یونٹ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لینے پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کے شکر گزار ہیں ۔اس موقع پر ڈاکٹر احمداعجاز مسعود نے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی جس میں کینسر کی علامات اور وجوہات بتائی گئیں ۔بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ کینسر یونٹ کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -