صوبے میں تعلیم ،توانائی اور صحت سمیت تمام شعبہ جات میں اصلاحات کا عمل شروع ہے:پرویز خٹک

صوبے میں تعلیم ،توانائی اور صحت سمیت تمام شعبہ جات میں اصلاحات کا عمل شروع ...

  

پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور تاجکستان حکومت کے درمیان تجارتی، سماجی اور ثقافتی روابط کومستحکم کرنے کیلئے مربوط اور منظم کوششیں ناگزیرہیں وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں تاجکستان کے سفیر شیر علی جانوف کی سربراہی میں تاجکستان کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔تاجکستان کے تجارتی اتاشی اور قونصل جنرل انجینئر سید محمود ، پاکستان میں تاجکستان کے فرسٹ سیکرٹری سید عارف شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی وترقیات میاں خلیق الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے وفد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے شرکاء نے خیبرپختونخوا اور تاجکستان کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔وفد نے دونوں حکومتوں کے درمیان توانائی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں باہمی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا اور مذکورہ مقاصد کے حصول کیلئے تجارتی وفود کے تبادلے کو ناگزیر قرار دیا ۔ وفد نے دونوں حکومتوں کے درمیان معاشی، ثقافتی اورتعلیم کے فروغ کے امکانا ت کو مزید بڑھانے کیلئے مواصلاتی نیٹ ورک کی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ صوبے میں تعلیم ، توانائی اور صحت سمیت تمام شعبہ جات میں اصلاحات کا عمل شروع ہے انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ صوبے میں صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے نئی صنعتی پالیسی تشکیل دے دی گئی ہے جس سے صنعتکاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت دستیاب ہو گی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی توانائی کے فروغ کیلئے وضع کر دہ پاور پالیسی میں نجی سرکاری شراکت کے علاوہ حکومتوں کے درمیان تعاون کے امکانات موجود ہیں ۔وزیراعلیٰ نے پن بجلی کے فروغ کیلئے صوبے میں تاجکستان کی مہارتوں اور تجربات سے استفادہ کی خواہش ظاہر کی وزیراعلیٰ نے افغانستان میں امن و استحکام کو پورے خطے کی ترقی سے مربوط کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری سے افغانستان اور تاجکستان بھی مفید ہو ں گے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت مشرقی روٹ کی مخالف نہیں بلکہ وہ اسکی تعمیر سے پہلے مغربی روٹ کی تعمیر چاہتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے خصوصی ادارہ تشکیل دیا گیا ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -