نادرا مراکز پرعوام کی تذلیل کا سلسلہ بند کیا جائے، خالد حمید

نادرا مراکز پرعوام کی تذلیل کا سلسلہ بند کیا جائے، خالد حمید

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری اطلاعات خالد حمید نے کہا کہ نادرا مراکز پر مہاجر عوام کی تذلیل معمول بنی ہوئی ہے ،دستاویزات کے حصول کیلئے آنے والوں سے ہزاروں روپے رشوت طلب کی جارہی ہے ،زیادتیوں کاسلسلہ بند نہ ہوا تو عوام کے ساتھ مل کر نادرا دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر جھنڈہ چوک لیاقت آباد سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے بڑا ستم اور کیا ہوگا کہ غیر قانونی تارکین وطن چند ہزار روپوں کے عوض پاکستانی بنائے جارہے ہیں جبکہ جن کے باپ دادا نے اس ملک کو بنانے کیلئے قربانیاں دیں انکی اولادوں کو نادرا مراکز پر دھکے دیئے جارہے ہیں ۔خالد حمید نے کہا کہ نادرا میں اسوقت اوپر سے نیچے تک کرپشن کا بازار گرم ہے اور مختلف ہتھکنڈوں سے عوام کو لوٹا جارہا ہے ،جب آڈیٹر جنرل خود اسمارٹ کارڈ کی 1500روپے فیس کو غیر قانونی کہہ رہے ہوں ،وزارت داخلہ کی منظوری کے بغیر نادرا بورڈ ازخود 761روپے والے کارڈ کے پندرہ سو وصول کررہا ہو تو بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ نیچے کا عملہ عوام کو کس طرح پریشان کررہا ہوگا ۔خالد حمید نے کہا کہ لانڈھی ،کورنگی،ملیر ،شاہ فیصل ،لیاقت آباد ،ناظم آباد ،لائنزایریا،پاپوش اور اورنگی ٹاؤن سمیت مہاجر علاقوں میں نادرا ملازمین کی کرپشن ،مراکز کی کمی ،عوام کے ساتھ بدسلوکی ،ٹوکن کی غیر منصفانہ تقسیم،ناکافی سہولیات،مراکز کے باہر ایجنٹوں کی بھرمار اور بلاجوز اعتراضات لگانے جیسے مسائل حل کرنے کیلئے مجاز اتھارٹیز سے رابطے کررہے ہیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سبیل نکالی جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ شناختی دستاویزات کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے ،نادرا سے کرپشن کا خاتمہ کرکے دستاویزات کا حصول کا طریقہ کار آسان بنایا جائے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -