منفی پالیسیوں سے جمہوریت خطرے میں پڑ رہی ہے ، پیپلز پارٹی

منفی پالیسیوں سے جمہوریت خطرے میں پڑ رہی ہے ، پیپلز پارٹی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی منفی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں جمہوریت خطرے میں پڑ رہی ہے ، پیپلز پارٹی انتقامی کاروائیوں سے گھبرانے والی نہیں ہے،ظلم کے خلاف جمہوری انداز میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے ، ن لیگ اتنا ظلم کرے جتنا برداشت کرسکے ،کوٹلی واقعے کے زمہ دار وفاقی وزراء ہیں انھیں فوری گرفتار کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نجمی عالم ، وقار مہدی ،راشد ربانی ،اقبال ساندھ، لطیف مغل سمیت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ کے صدر سردار میر حیدر اور سردار نزاکت نے کوٹلی نکیال واقعے کے خلاف اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز پلے کارڈز اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی رہنماؤں نے کہا کہ ن لیگ کی جمہوریت مخالف پالیسیوں کے باعث پاکستان میں جمہوریت خطرے سے دوچار ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرے ، کوٹلی میں پیپلز پارٹی کی ریلی کے خلاف ن لیگ کی حکومت نے آمرانہ رویہ اختیار کیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ ن لیگ آمریت کا تسلسل ہے ،ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف بہت سازشیں کی گئیں لیکن پیپلز پارٹی آج بھی زندہ ہے ،آزاد کشمیر میں ن لیگ کی غنڈا گردی نہیں چلنے دینگے ، ن لیگ پیپلز پارٹی کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا ررہی ہے لیکن ہم ان کاروائیوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ہر ظلم کے خلاف جمہوری دائرہ کار میں بھر پور احتجاج کرینگے ۔ کوٹلی واقعے کے زمہ دار ہیں وفاقی وزراء ہیں انھیں فوری گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجا ج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائیں جائیں ۔ریلی میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی،راشد ربانی،حبیب الدین جنیدی، اقبال کاکڑ،لطیف مغل،انور لعل ڈین،مرزا مقبول، علی شاد، شہباز اختر،اقبال ساند،امتیاز خان،فیصل میندرو،شعیب مرزا سمیت بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور کشمیری عوام نے شرکت کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -