حکومت پیٹرول کی قیمتوں پر تحفظات کا جواب دے،حافظ احمدعلی

حکومت پیٹرول کی قیمتوں پر تحفظات کا جواب دے،حافظ احمدعلی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے کہاہے کہ حکومت پیٹرول کی قیمتوں پر عوام کے تحفظات کا جواب دے،عالمی منڈی میں بڑے عرصے سے تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، مگر پاکستان میں حکومت اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف کمی کرکے قوم پر احسان جتاتی ہے، قوم اتنی بے وقوف نہیں ہے پیٹرول کی قیمت میں خاطرخواہ کمی کی جائے ۔ یہ بات انہوں نے گلستان جوہر میں علماء کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی، اس موقع پر صوبائی امیر الحاج قاری عبدالمنان انور نقشبندی، امیر کراچی پیر لیاقت علی شاہ،صوبائی ناظم مفتی محمدحماداللہ مدنی،مولانامشتاق عباسی، مولاناخواجہ احمدیارخان، مولانااحمدالرحمان نقشبندی،مولاناغلام مصطفی فاروقی، قاری سیف الرحمان،مولانااقبال اللہ، مولاناحضرت ولی ہزاروی، مولانامعاذمدنی،حافظ سلمان احمد، الحاج عبدالعزیزصدیقی، خواجہ سیف الرحمان ایڈوکیٹ،غلام صمدانی گجرودیگر بھی موجودتھے۔ علماء نے حکومت کی مختلف پالیسیوں پر تحفظات کا ظہارکرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے دیندارطبقے کے خلاف اقدامات حیران کن اور تشویشناک ہیں، ایک طرف تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعت کے داخلے پر پابندی اور دوسری جانب فحاشی وعریانی کے تہواروں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیروں کے تہواراپنانے والے عذاب الٰہی کے مستحق ہوں گے ہی مگر حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ غیر شرعی تہواروں اور مخرب الاخلاق سرگرمیوں پر سختی سے پابندی عائد کرے اور عوامی شعور اجاگر کرے۔حافظ احمدعلی نے کہاکہ حکومت اپنی مشاورت میں علماء کرام کو شامل کرے ،دین سے نابلد لوگوں کے مشورے حکمرانوں کو لے ڈوبیں گے۔حکمران غیرقانونی سرگرمیوں، چوری ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لئے حکمت عملی بنائے،کیونکہ ان وارداتوں سے عوام براہ راست متاثرہوتے ہیں،غریب عوام کی حق حلال کی کمائی چورڈکیت لے جاتے ہیں اور عوام کی دادرسی کے لئے قائم اداروں میں ان کی سنی نہیں جاتی ، آخر غریب لوگ کہاں جائیں؟۔انہوں نے کہاکہ اگر غریبوں کی دادرسی نہیں کی جائے گی تو ان کی آہیں حکومت کی بربادی کا سبب بنیں گی لہٰذابہتر ہے کہ حکمران غریبوں کے مسائل حل کریں اور فوری ریلیف فراہم کریں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -