دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوشش کرنا ہونگی اسد کاشمیری

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوشش کرنا ہونگی اسد کاشمیری

  

 مردان(بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اور ضلعی نائب ناظم اسد علی کشمیری نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا ۔قوم کے مستقبل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔ ضلعی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔وہ طورو میں اے پی ایس کے شہید طالب علم محمد علی خان کے نام سے منسوب کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے شہید محمد علی خان کے والد شہاب الدین شکیل،یونین کونسل طورو کے سابق ناظم عبد الواحد خان،فضل محمد خان،خالد خان، جہانزیب خان ،فقیر بابو اور ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ کمیٹی کے چےئرمین جمال خان اور عظیم خان نے بھی خطاب کیا۔ضلعی نائب ناظم نے کہا کہ پختون اب بیدار ہے اور انکی ساری توجہ حصول علم پر مرکوز ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنی پڑھائی پر توجہ دیں اور کسی بھی چیز کی فکر نہ کریں ۔ضلع میں تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے قلم چھیننے والوں کو نشان عبرت بنادیں گے ۔ ضلعی نائب ناظم نے اے پی ایس سانحے میں شہید ہونے والے نویں جماعت کے طالب محمدعلی خان شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نے ملک میں امن کی خاطر اپنی جان قربان کر دی ہے لیکن دہشتگردوں کے آگے سرخم تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پڑھا لکھا پاکستان ہمارا نعرہ ہے اور اس نعرے کو ہر صورت میں عملی جامہ پہنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن انہیں مواقعے دینے کی ضرورت ہے جس کے لئے ضلعی حکومت بھر پور کوششیں کر رہی ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید محمد علی خان کے والدشہاب الدین شکیل نے کہا کہ انکے اکلوتے بیٹے نے ملک میں امن کے قیام کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی ہے اور انہیں اس کی قربانی پر فخر ہے انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پالیسیاں مرتب کرنی چاہےئے تاکہ ملک کوامن کا گہورا بنا یا جا سکے۔شہید محمد علی خان کرکٹ ٹورنامنٹ میں ضلع بھر سے 32ٹیمیں حصہ لے رہی ہے اور پہلے میچ میں جمال جذبہ کلب نے زبردست مقابلے کے بعد گورنمنٹ شہید محمد علی خان ہائی سکول طورو کو 9رنز سے شکست دیدی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 23مارچ کو کھیلا جائیگا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -