حکومت عدل و انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لئے کوشاں ہے،ڈاکٹر امجد علی

حکومت عدل و انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لئے کوشاں ہے،ڈاکٹر امجد علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پسماندہ طبقوں کی زندگی میں بہتری لانے اور معاشرے میں عدل و انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں موثر قانون سازی کے علاوہ تعلیم،صحت،پولیس اور محکمہ مال سمیت دیگر سرکاری اداروں کو درست سمت پر گامز ن کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کے باعث صوبے میں ہسپتالوں کی حالت بہتر ہوئی ہے اور ویران سکول اساتذہ کی حاضریوں کی بدولت فعال ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی کے ۔82کے گاؤں ارچائی سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حاجی بہادر خان ، ایاز خان جہانداد خان زرگل خان ، صالح رحمان، محمد اعظم، محمد نعیم، دلاور خان محمد رشید ، امیر نواب ، محمد حسین اور حبیب اللہ نے اپنے رشتہ داروں اور سیکڑو ں ساتھیوں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ ڈاکٹر امجدعلی نے نئے شامل ہونے ولے کارکنوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے فیصلے کو سرہا اور امید کا اظہا رکیا کہ وہ پی ٹی آئی کو مضبوط بنانے کے علاوہ عوام کے مسائل حل کرانے میں بھی نمایا ں کر دار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ارچائی کے عوام کو ترقی اور خوشحالی سے محروم رکھا گیا ۔ منتخب نمائندوں نے گزشتہ 7 سالوں کے دوران دوبارہ اس گاؤں کا رخ نہیں کیا یہی وجہ ہے آ ج یہ لوگ عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ۔اس کے برعکس موجودہ صوبائی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ترقی سے محروم علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر سکیمیں فراہم کر کے وہاں کے عوام کو خوشحالی سے ہمکنار کیا جائے۔ معاون خصوصی نے اس موقع پرعلاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے گاؤں ارچائی میں سکولوں کے قیام اوردو کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے منصوبوں کے بھی اعلانا ت کئے۔