اوکاڑہ(ویب ڈیسک )نوجوان کو ٹرین میں سوار لڑکی کو گلاب کا پھول دینا مہنگا پڑ گیا ،لڑکی کے بھائیوں نے مسافروں سے مل کر نوجوان کی تھپڑوں ،مکوں سے دھنائی کر دی ،پلیٹ فارم پر پانچ منٹ تک مرغا بنائے رکھا ،لڑکی کو بہن کہنے کے بعد لڑکے کی خلاصی ہوئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی آنیوالی ٹرین خیبر میل میں باغبانپورہ لاہور کی رہائشی شکیلہ نامی لڑکی اپنے بھائیوں اور والدہ کے ہمراہ ساہیوال آ رہی تھی اس دوران پتوکی سٹیشن سے مقامی رہائشی ندیم شیراز نامی نوجوان بھی اسی بوگی میں سوار ہو گیا۔ندیم شیراز نے لڑکی کو اپنی جانب مائل کرنے کی کوشش کی لیکن لڑکی نے اسے لفٹ نہ کروائی جب ٹرین اوکاڑہ سٹیشن پر پہنچی تو شکیلہ واش روم جانے لگی تو ندیم نے اس کو ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے گلاب کا پھول دینے کی کوشش کی لیکن لڑکی نے پھول لینے سے انکار کر دیا اس دوران شکیلہ کے بھائی نے ندیم کی حرکت کو دیکھتے ہوئے اس پر تھپڑوں کی بوچھاڑ کر دی اس دوران بوگی میں سوار دوسرے مسافروں نے بھی نوجوان کی خوب دھنائی کی بعد ازاں ندیم کو پلیٹ فارم پر پانچ منٹ تک مرغا بنائے رکھا،ندیم کو لڑکی سے معافی مانگنے اور بہن کہنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔