ایف 16طیاروں کی فراہمی ، امریکی فیصلے پر بھارتی سرکارکی مایوسی پر حیرت ہوئی:پاکستان

ایف 16طیاروں کی فراہمی ، امریکی فیصلے پر بھارتی سرکارکی مایوسی پر حیرت ...
ایف 16طیاروں کی فراہمی ، امریکی فیصلے پر بھارتی سرکارکی مایوسی پر حیرت ہوئی:پاکستان

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دفتر خارجہ نے امریکہ کے پاکستان کو ایف 16طیاروں کی فروخت کے فیصلے پر بھارتی سرکارکی مایوسی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کی اپنی فوج اور ہتھیاروں کا سٹاک زیادہ ہے جبکہ وہ ہتھیاروں کی سب سے زیادہ درآمد کررہاہے ، پاکستان کے اس موقف پر بھارت ایک مرتبہ پھر سیخ پاہوگیا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق پاک امریکہ ڈیل پر مایوس بھارت نے امریکی سفیر رچرڈ ورماکو نئی دہلی طلب کیا اور اوباما انتظامیہ کے فیصلے پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔بھارتی سیکریٹری خارجہ ایس جئے شنکر نے وزارت خارجہ میں امریکی سفیر سے ملاقات کی اور45منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں پاک امریکہ معاہدے کی مخالفت کی ۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریانے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھارت کی آرمی اور ہتھیاروں کا ذخیرہ کہیں زیادہ ہے ، وہ دفاعی آلات کا بھی بڑادرآمدکنندہ ہے، جہاں تک ایف 16طیاروں کی فروخت کا تعلق ہے تو پاکستان اور امریکہ دہشتگردی کیخلاف کاوشوں میں قریبی معاونت کررہے ہیں ، امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر بھی واضح کرچکے ہیں کہ طیاروں کی فروخت کا مقصد فضائی کارروائی میں اپنی صلاحیتوں کا اضافہ کرناہے ۔

ایف 16طیاروں کی مدد سے پاکستان ایئرفورس ہرطرح کے موسم میں کارروائی کرسکے گی ۔پاکستان کی طرف سے بھارت کو آئینہ دکھائے جانے کے بعد بھارت ایک مرتبہ پھر سیخ پاہوگیا اور امکان ظاہر کیاجارہاہے کہ پاکستان کو طیارے ملنے تک ہر ممکن حد تک بھارت اس معاہدے پر عمل درآمد ہونے کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کرے گا۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -