کوٹلی واقعہ ،پرویز رشید نے خورشید شاہ کو منصف بنانے کی پیشکش کردی ،جوفیصلہ کریں گے قبول ہو گا :پرویز رشید

کوٹلی واقعہ ،پرویز رشید نے خورشید شاہ کو منصف بنانے کی پیشکش کردی ،جوفیصلہ ...
کوٹلی واقعہ ،پرویز رشید نے خورشید شاہ کو منصف بنانے کی پیشکش کردی ،جوفیصلہ کریں گے قبول ہو گا :پرویز رشید

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن نے کوٹلی واقعے پر پیپلز پارٹی کو بڑی پیشکش کردی ،وفاقی وزیر اطلاعات پرو یز رشید نے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو منصف مقرر کرنے کی پیشکش کردی ۔اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ کوٹلی واقعے کی تحقیقات کے لیے خورشید شاہ کو منصف مقرر کرتا ہوں وہ جو بھی فیصلہ کر یں گے ہمیں تسلیم ہے ۔ادھر وفاقی وزیر اطلاعات کے خطاب کے دوران پیپلز پارٹی نے سخت احتجاج کیا ۔

تفصیل کے مطابق کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے دو وکرز کی ہلاکت کے بعد بننے والی صورتحال پر قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے پیشکش کی کہ اس معاملے پر خورشید شاہ کو منصف مقرر کرتا ہوں ،میں ریکارڈ لے کر خورشید شاہ کی خدمت میں حاضر ہو جاﺅں گا اور وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد الحمید بھی ریکارڈ لے آئیں ،اس کے بعد خورشید شاہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں تسلیم ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکن کے طور پر آزاد کشمیر گیا اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سے گفتگو کی لیکن اس وقت شائد چوہدری عبد الحمید کی طبعیت نا ساز تھی جس کے وجہ سے ان لہجے میں تھکاوٹ اور لرزش تھی ۔پرویز رشید نے کہا کہ چوہدری عبد الحمید نے گفتگو کے دوران وفاقی وزراءکے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے جو پارلیمنٹ میں بیان نہیں کیے جا سکتے لیکن پھر بھی خندہ پیشانی سے ان کی سخت زبان کو تسلیم کیا ۔

پرویز رشید نے کہا کہ چوہدری عبد الحمید جانتے تھے کہ جس جگہ سے پیپلز پارٹی کا جلوس گزرتا ہے وہا ں سکندر حیات کے رشتے دار رہتے ہیں اور ان کے املاک بھی ہیں لیکن پھر بھی جلوس کو وہا ں سے گزارا گیا ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کو معلوم تھا کہ نکیال کا یہ علاقہ سیاسی اختلاف کا مرکز ہے اور وہا ں پر پیپلز پارٹی کے جلوس میں وہ تمام لہجہ استعمال کیا گیا جس کو پارلیمنٹ میں استعمال نہیں کیا جا سکتا ۔پارلیمنٹ میں پرویز رشید کے خطاب کے دوران پیپلز پارٹی کے اراکین نے سخت احتجاج کیا۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -